0
Monday 24 Jun 2013 19:19

پاراچنار سٹی اور دیہاتوں میں مصلح غیبی کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں زوروں پر

پاراچنار سٹی اور دیہاتوں میں مصلح غیبی کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں زوروں پر
رپورٹ: ایس این حسینی پاراچنار

مصلح غیبی امام زمانہ حضرت مہدی موعود عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کی 1179 ویں سالگرہ کی مناسبت سے آج 15 شعبان کی رات سے لیکر کل رات تک پاراچنار شہر سمیت کرم ایجنسی کے اکثر دیہاتوں میں طرح طرح کے دلچسپ پروگرامات کا اھتمام کیا گیا ہے۔ آج رات کو تقریباً ہر گاؤں کی سطح پر شب بیداری ہوگی۔ جس میں معصومین علیہم السلام سے روایت شدہ مسنون دعائیں پڑھی جائیں گی۔ روایتاً پندرہ شعبان کی رات پاراچنار شہر میں جشن کا سماں ہوتا ہے۔ دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہتی ہیں اور دکانوں کو 14 اگست کی طرز پر سجایا جاتا ہے۔ تقریباً 11 بجے مختلف تنظیموں کے رہنما دکانوں کا معائنہ کرنے بازار کا دورہ کرتے ہیں اور بہتر اور خوبصورت طریقے سے سجائی گئی دکان کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔ شہدائے چہلم اسکوائر (جیل روڈ) پر آئی ایس او اور آئی او کے جوانوں کی جانب سے پروجیکٹر پر دلچسپ پروگرام چلائے جاتے ہیں۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگ خصوصاً جوان شرکت کرتے ہیں۔ 

15 شعبان کا سب سے بڑا پروگرام مدرسہ جعفریہ کے طلباء اور انجمن حسینیہ کے زیراھتمام مدرسہ جعفریہ میں منعقد ہوتا ہے۔ جو صبح 9 بجے سے شروع ہوکر دوپہر ایک بجے اختتام کو پہنچتا ہے۔ جلسے سے علماء کرام خطاب کرتے ہیں، اور بڑی تعداد میں لوگ اس میں شریک ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات پنجاب سے کسی معروف عالم دین کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے، جو مولا و مقتدائے زمانہ کی سیرت عالیہ پر گفتگو کرتا ہے۔ جبکہ مصلح جہاں کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے سب سے دلچسپ پروگرام ابو طالب لائبریری کی جانب سے ابراہیم زئی لوئر کرم میں منعقد کیا جاتا ہے، جس میں ایک خاص موضوع پر ایک عالم دین اور ایک اسکالر تقریباً نصف گھنٹہ تک تقریر کرتے ہیں، گفتگو کے فوراً بعد سوالات اور جوابات کا ایک دلچسپ سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ شرکاء اپنے ذہنوں میں بار بار اٹھنے والے سوالات ڈائریکٹ پوچھ کر انکا جواب حاصل کرتے ہیں۔ اس دفعہ "وجوہات تاخیر ظہور امام زمانہ علیہ السلام" کی موضوع پر مقالے پیش کئے جائیں گے۔ مقالہ پیش کرنے کرنے کے لئے علامہ سید عابد حسین الحسینی اور علامہ زاھد حسین کو پہلے ہی دعوت نامے جاری کئے جاچکے ہیں۔ کئی سال سے یہ سلسلہ جاری ہے، جسے عوام الناس بالخصوص طلباء میں بڑی پذیرائی ہے۔ 

اس مبارک دن کی مناسبت سے الکوثر دارالایتام پاراچنار کی جانب سے بھی ایک پروقار تقریب کا اھتمام کیا گیا ہے۔ جو مذکورہ یتیم خانے میں صبح نو بجے سے شروع ہوگا۔ اسی طرح آئی ایس او اور آئی او کی جانب سے پاراچنار کے نواحی قصبے زیڑان میں واقع زیارت امام رضا علیہ السلام میں بھی ایک پروقار تقریب کا اھتمام کیا گیا ہے، اس موقع پر چراغاں کیا جائے گا اور مختلف دلچسپ پروگرامات بھی پیش کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 276324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش