0
Wednesday 26 Jun 2013 17:47

ایم ڈبلیو ایم کا جمعہ 28 جون کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

ایم ڈبلیو ایم کا جمعہ 28 جون کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کراچی میں جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب حکومت مشرف کے ٹرائل سے پہلے دہشت گردی کا قلع قمع کرے کیونکہ ملکی سلامتی کو اس ناسور سے بڑا اور کوئی خطرہ نہیں، پاکستان میں ہر آمر کا ٹرائل ضروری ہے، پرویز مشرف کے ٹرائل کیلئے اکتوبر 1999ء کے اقدامات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے اور اس وقت کے وہ تمام ادارے جو ان غیر آئینی اقدامات کے حامی تھے، ان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے، یکطرفہ کارروائی سے مزید ملکی معاملات کو مشکلات پیش آئیں گی۔

علامہ امین شہیدی نے سانحہ جامعہ شہید عارف الحسینی پشاور، سانحہ دیامیر گلگت، سانحہ کوئٹہ اور کراچی میں جاری دہشت گردی کے واقعات کیخلاف حکومت کی طرف سے غیر سنجیدہ رویہ اپنانے پر بروزِ جمعہ 28 جون کو مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام واقعات میں مقتدر قوتوں کی خاموشی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، آخر ان حکمرانوں اور ریاستی اداروں کو ایسی کونسی مجبوری لاحق ہے، جو دہشت گردوں کیخلاف کارروائی سے روکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، انڈیا، اسرائیل، امریکہ گٹھ جوڑ اور افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات پر تمام محبِ وطن قوتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے دنیا کے سامنے ٹھوس مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو صحیح سمت دے کر دنیا کو باور کرانا ہوگا کہ پاکستانی دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردوں کو ان شیطانی طاقتوں نے پاکستان پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالات کو خراب سے خراب تر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، غیر ملکی مہمان سیاحوں کا قتل گلگت بلتستان کی عوام کی معیشت اور سیاحت جس کو انڈسٹری کا درجہ حاصل ہے کا قتل ہے، ان تمام واقعات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے گلگت بلتستان میں 27 جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ تمام محبِ وطن قوتیں متحد ہو کر ان مسائل کا حل نکال سکیں اور یہ وقت کا بھی عین تقاضا ہے۔
خبر کا کوڈ : 276972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش