0
Friday 5 Jul 2013 16:36

اخوان المسلمون کا فوج کیساتھ تعاون کرنے سے انکار، پرامن احتجاجی مظاہروں کا اعلان

اخوان المسلمون کا فوج کیساتھ تعاون کرنے سے انکار، پرامن احتجاجی مظاہروں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے کے خلاف اخوان المسلمون نے مظاہروں کا اعلان کیا ہے اور ملک بھر کی گلیوں اور چوکوں میں ''پرامن احتجاج'' کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دوسری جانب فوج کی طرف سے مصری صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے کے بعد اخوان المسلمون کی اعلٰی قیادت کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔ گذشتہ روز فوج کی طرف سے اخوان المسلمون کے سپریم لیڈر محمد بدیع سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ادھر اخوان المسلمین کے ترجمان جہاد الحداد نے مصر میں عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کیا ہے۔ جہاد الحداد نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ اخوان المسلمین فوجی بغاوت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتی ہے۔ انھوں نے محمد مرسی اور زیرِحراست دوسرے افراد کے رہائی کا مطالبہ کیا۔ واضع رہے کہ جہاد الحداد کے والد اور محمد مرسی کے سینیئر مشیر ایسام الحداد اور فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کے سربراہ سعدالقطاتنی بھی زیرِ حراست افراد میں شامل ہیں۔ 

اطلاعات کے مطابق اخوان المسلمین کے تقربیاً تین سو ارکان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حراست میں لیے گئے بعض افراد بشمول محمد مرسی کے خلاف توہینِ عدالت کے الزامات لگائے گئے ہیں جبکہ اخوان المسملین کے 35 سینیئر رہنمائوں کے سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ واضع رہے کہ مصر کی فوج کے سربراہ نے بدھ کی رات یہ کہہ کر کہ محمد مرسی لوگوں کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام ہوگئے، ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ فوجی اقدام کو محمد مرسی نے فوجی بغاوت قرار دیا تھا۔ گذشتہ روز ہی مصر میں ملک کی آئینی عدالت کے چیف جسٹس عدلی منصور نے ملک کے عبوری صدر کا حلف اُٹھا لیا تھا۔ مصر کے عبوری رہنما اور آئینی عدالت کے سربراہ عدلی منصور نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات عوام کی مرضی کے مطابق ہوں گے۔ عدلی منصور نے ملک میں تمام گروپوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی نئی حکومت میں شریک ہوں۔ خیال رہے کہ محمد مرسی 30 جون 2012ء کو انتخاب میں کامیابی کے بعد کسی مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے مصر کے پہلے صدر بنے تھے۔ ان کی صدارت کا ایک سال سیاسی بے اطمینانی اور معیشت میں گراوٹ کی زد میں رہا۔
خبر کا کوڈ : 279902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش