0
Thursday 25 Jul 2013 14:55

مسلم لیگ ﴿ن﴾ رضا ربانی کو متفقہ صدارتی امیدوار نامزد کرے، رحمت خان وردگ

مسلم لیگ ﴿ن﴾ رضا ربانی کو متفقہ صدارتی امیدوار نامزد کرے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ نواز لیگ کو چاہئے کہ رضا ربانی کے وسیع تجربے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ان کی خدمات اور آئینی ترامیم کے موقع پر رضا ربانی کے قومی اتفاق رائے کیلئے گرانقدر کردار کے پیش نظر انہیں صدر کیلئے متفقہ امیدوار منتخب کرے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے وقت رضا ربانی نے حکومت اور اپوزیشن میں باہمی اتفاق رائے کیلئے بہترین کردار ادا کیا اور گزشتہ 5 سالہ پی پی دور میں رضا ربانی کا کردار سب کے سامنے ہے اور انہوں نے غلط اقدامات پر اپنی حکومت پر بھی تنقید کی ہے اس لئے میرٹ پر ان کا حق بنتا ہے کہ حکومتی و اپوزیشن جماعتیں انہیں صدر پاکستان کیلئے متفقہ امیدوار منتخب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن لیڈیز ونگ سعدیہ شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
 
رحمت خان وردگ نے تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، جمعیت علمائے اسلام ﴿ف﴾، شیر پاﺅ گروپ، جماعت اسلامی، فاٹا اور آزاد اراکین پارلیمنٹ سے بھی اپیل کی کہ رضا ربانی کو متفقہ صدارتی امیدوار منتخب کرایا جائے کیونکہ وہ جمہوریت کے استحکام کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں اور سیاست و قانون سازی کا وسیع تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ حکومت و اپوزیشن میں باہمی رابطے کا بہترین ذریعہ بنے رہتے ہیں۔ انہوں نے حکومتی جماعتوں سے بھی درخواست کی کہ رضا ربانی پر اتفاق کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد چونکہ صدر کے پاس کوئی ایسے اختیارات نہیں رہ گئے جس کے باعث وہ حکومت یا وزیراعظم کیلئے کسی قسم کی مشکلات کا باعث بن سکے اس لئے ایسی صورتحال میں بھی قومی اتفاق رائے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے حکومت کو چاہئے کہ رضا ربانی پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 286740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش