0
Monday 29 Jul 2013 03:09

نواز شریف دہشتگردی کیخلاف قومی کانفرنس کی ذمہ داریاں بھی اب متحدہ کے حوالے کر دیں، منور حسن

نواز شریف دہشتگردی کیخلاف قومی کانفرنس کی ذمہ داریاں بھی اب متحدہ کے حوالے کر دیں، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ نواز مصری فوج مصر کے عوام کا علاج گولیوں سے کر رہی ہے اور صرف دو دن کے اندر 1 ہزار نہتے مصری شہریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ عالمی دنیا خاموشی ترک کرے اور مصری فوج پر دباﺅ بڑھائے کہ وہ قتل عام روکے۔ جمہوری راستوں سے تبدیلی کا راستہ روکا گیا تو امریکہ اور اس کے حواریوں کا حشر پوری دنیا میں وہی ہوگا جو افغانستان میں ہو رہا ہے۔ ایم کیو ایم اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، وزیراعظم نواز شریف دہشتگردی کے خلاف قومی کانفرنس کی ذمہ داریاں بھی اب متحدہ کے حوالے کر دیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز جماعت اسلامی غربی کے تحت غربی اورنگی ٹاﺅن میں منعقدہ عوامی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار پارٹی سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی اور جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر اسحاق خان نے بھی خطاب کیا۔

سید منور حسن نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف صاحب اگر دہشتگردوں کو پناہ دیں گے تو پھر وہ آئندہ اہل کراچی سے ووٹ طلب نہ کریں، ایم کیو ایم حکومت کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، اگر حکمران دہشتگردوں کے حوالے سے کانفرنس کرنا چاہتے ہیں تو اسکی ذمہ داری بھی ایم کیو ایم کو سونپ دیں کہ وہی دہشتگردی کے خلاف کانفرنس کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان شدید پریشانی اور آزمائش کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے عوام کا علاج گولیوں سے کیا جا رہا ہے، کل صبح سے آج شام تک تقریبا 1000 لوگ شہید کئے جاچکے ہیں۔ ہمیں ان کے حق میں آواز بلند کرنے اور خوابیدہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوری انتخابی راستے کو مسدود کیا جائے گا تو ایسے راستے کھل جائیں گے جس کی وجہ سے امریکہ افغانستان چھوڑنے پر مجبور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں پورے معاشرے کا رنگ بدل جاتا ہے اور پورا معاشرہ ایک نیکی کی چادر اوڑھ لیتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 287745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش