0
Sunday 18 Aug 2013 09:15

پاک بھارت کشیدگی، کارگل سمیت 34 چوکیوں پر فائرنگ

پاک بھارت کشیدگی، کارگل سمیت 34 چوکیوں پر فائرنگ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان حد متارکہ پر کشیدگی میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ابھی تک صرف پونچھ سیکٹر میں دونوں ملکوں کی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے اور گذشتہ دنوں اوڑی سیکٹر میں ہلکی فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ لیکن کارگل جنگ کے بعد پہلی بار اس علاقے میں بھارت کی طرف سے دعوی کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی فوج نے دراس اور کاکسر علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری کی ہے۔ نئی دلی میں بھارتی دفاعی حکام نے کہا ہے کہ 1999ء کی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان نے کارگل سیکٹر میں بھارت کی دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ 12اگست سے بھارتی فوج نے پونچھ، سانبہ، بلاکوٹ اور حمیرپور سیکٹروں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی دفاعی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

اسلام آباد میں پاکستانی فوج کے مطابق کوٹلی سیکٹر میں سرحد پار سے بھارتی فوج نے گولہ باری اور مارٹر شلنگ کی جس کے نتیجے میں 6 شہری زخمی ہوئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کوٹلی میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ میں نکیال سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہو گئے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی فوج کی گولہ باری سے اب تک 2 افراد جاں بحق اور نکیال سیکٹر میں 9 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ تین روز کے دوران نکیال سیکٹر کے مختلف علاقوں پر بھارتی فورسسز کی طرف سے 8 سو سے زائد مارٹر گولے فائر کیے جا چکے ہیں۔

اسٹنٹ کمشنر نکیال محمد ایوب کے مطابق گذشتہ رات لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بھارت نے کینٹ کے مقام پر بلااشتعال فائرنگ کی جو تین گھنٹے جاری رہی جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔ پاکستانی فوج کی بھرپور جوابی کاروائی پر بھارت کی طرف سے بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اے این پی کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے سنجیدگی اختیار نہ کی تو جنگ چھڑ سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 293503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش