0
Tuesday 10 Sep 2013 22:36

خیبر پختونخوا حکومت کا ہر بچہ کو سکول میں داخل کرنے کی مہم کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت کا ہر بچہ کو سکول میں داخل کرنے کی مہم کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے خواندگی کی شرح بڑھانے کے لیے ہر بچے کو سکول داخل کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ آج سے شروع ہونے والی اس مہم کے تحت صوبے میں 26 لاکھ بچوں کو سکول میں داخل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک سرکاری سکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے خیبر پختونخوا میں کوئی 28 ہزار سکول ہیں، جن میں 23 ہزار پرائمری سکول ہیں۔ لیکن ان سکولوں میں بنیادی سہولیات موجود ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ اگر پھر بھی کام نہ ہوا تو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ وہ ایک ایک سکول کا معیار بلند کرنے کے لیے تعاون کریں اور وہ یہ ممکن کر کے دکھائیں گے۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیرِ تعلیم عاطف خان نے کہا کہ ہر سال مارچ اور دسمبر میں دو سروے کیے جائیں گے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ مہم صرف کاغذی کارروائی رہی ہے اور یا واقعی وہ بچے مستقل بنیادوں پر سکول میں حاضر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو ضرور سکول بھیجیں اور حکومت تمام سکولوں کا معیار بہتر کرے گی اور اس کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ تقریب میں مقررین میں سے کسی نے ان بچوں کی مجبوریوں کا ذکر نہیں کیا جو گھر کے واحد کفیل ہیں اور سکول داخل ہونے کی صورت میں ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ جائے گی۔ مقررین اس مہم کے لیے ان بچوں کو بھی بھول گئے جن کے سکول شدت پسندی کی کارروائیوں کی وجہ سے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لگ بھگ چھبیس لاکھ بچے ایسے ہیں جن کی عمر سکول جانے کی ہے لیکن مختلف وجوہات کی بنیاد پر وہ سکول نہیں جا رہے۔
خبر کا کوڈ : 300569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش