0
Tuesday 17 Sep 2013 11:35

پاک فوج پر حملے مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، چوہدری عبدالمجید

پاک فوج پر حملے  مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اپردیر میں ہونی والی دہشت گردی کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج پر حملے مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ پاک فوج تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ جرات و بہادری پاک فوج کا خاصا ہے۔ وقت آنے پر کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ مظفرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک اور قوم کے لیے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ شہادت کا رتبہ پانے والے آفیسران کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ جرات، بہادری اور جذبہ ہماری پاک فوج کا خاصہ ہے جس میں قربانیوں کے بعد مزید اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاک فوج کی ملک اور ملت کے لیے دی گئی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں جب بھی ضرورت پڑی ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ اںھوں نے کہا کہ پاک فوج کے فیصلوں کے باعث پاکستان میں نہ صرف جمہوریت پھل پھول رہی ہے بلکہ پاک فوج کی عشرت اور وقار میں وقت کے ساتھ ساتھ بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

اںھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج نے ملکی سلامتی کے لیے اندرونی و بیرونی محاذ پر ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں۔ اپردیر میں دہشت گردانہ حملے میں میجر جنرل، لیفٹیننٹ کرنل اور لانس نائیک کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر جو چیلنجز درپیش ہیں پاک فوج ان چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک فوج نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمال بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اںھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف دوٹوک اور واضح موقف اپنایا ہے۔ پیپلز پارٹی جس کی قیادت خود بھی دہشت گردی کا شکار ہوئی ملکی مفاد اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا کہ آزاد حکومت پاک فوج کی ملک کے لیے قربانیوں پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 302514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش