0
Tuesday 8 Oct 2013 09:53

8 سال گزر گئے، متاثرین زلزلہ آج بھی اپنی چھت سے محروم

8 سال گزر گئے، متاثرین زلزلہ آج بھی اپنی چھت سے محروم
اسلام ٹائمز۔ یہ 8 اکتوبر 2005ء کی ایک چمکیلی صبح تھی۔ صبح کے پونے نو بجے تھے اور رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہوا تھا کہ اچانک مظفر آباد، باغ، وادی نیلم، چکوٹھی اور دیگر علاقوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ خوفناک گڑگڑاہٹ کے ساتھ آنے والے زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ آزاد جموں و کشمیر اور صوبہ سرحد کی 15 تحصیلیں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں۔ ریکٹر سکیل پر زلزے کی شدت 7.6 تھی اور اس کا مرکز اسلام آباد سے 95 کلومیٹر دور اٹک اور ہزارہ ڈویژن کے درمیان تھا۔ اکتوبر 2005ء کے زلزلے کو 8سال گزر چکے لیکن متاثرین آج بھی تعمیرنو کے منتظر ہیں۔ نیو بالاکوٹ سٹی اب بھی سیاست کی نذر ہے اور متاثرین 5سال سے اس منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ حکومت نے تعمیرنو کیلئے کیا اعلانات کیے تھے؟ اور ان پر کیوں عمل درآمد نہ ہو سکا؟ سال 2005ء 8اکتوبر، 8بج کر 52 منٹ پر آزادکشمیر، بالاکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے نے قیامت ڈھا دی۔ 75ہزار افراد اپنے پیاروں سے بچھڑے۔ ہزاروں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ حکومت کی طرف سے تعمیرنو کے بڑے اعلانات سامنے آئے لیکن 8سال گزر بھی گئے، متاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدے ایفاء نہ ہو سکے۔ ساڑھے 14ہزار ترقیاتی منصوبوں میں سے صرف ساڑھے 9ہزار ہی مکمل ہو سکے۔ 

ذرائع کے مطابق بڑے شہروں مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں تو کام 70 فیصد تک مکمل ہوا تاہم بالاکوٹ نیو سٹی منصوبے پر 20 سے 30 فیصد کام ہی ہو سکا ہے۔ ایرا حکام کہتے ہیں کہ انہیں کام ہی نہیں کرنے دیا جا رہا۔ ایرا حکام کے مطابق عالمی برادری نے تو اپنے وعدے پورے کر دیے لیکن حکومتوں کی طرف سے فنڈز کا حصول مسئلہ ہی رہا۔ ڈائریکٹر جنرل پلاننگ ایرا بریگیڈئر (ر) پرویز نیازی کا کہنا ہے کہ فنڈنگ کی قلت کی وجہ سے کام مکمل نہیں ہو پا رہے۔ ایرا حکام کا کہنا ہے کہ 8سال گزرنے کے باوجود بھی تعمیرنو کے کام مکمل کرنے کے لیے مزید 70 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ اگر یہ رقم دو سال میں مل جائے تو 2سے 3سال میں کام مکمل ہو سکتا ہے اگر موجودہ رفتار سے کام چلتا رہا تو یہ آئندہ 7 سے 10سال بھی لگ سکتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 2005 کے زلزلے میں تباہ ہونے والے اٹھائیس سو تعلیمی اداروں میں سے ڈیڑھ ہزار سے زائد سکول کی تعمیر 8 سال گزر جانے کے باجود آج تک مکمل نہیں ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 309186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش