0
Friday 18 Oct 2013 08:53

ایران کے جوہری پروگرام پر مزید بات چیت 7 اور 8 نومبر کو جینوا میں ہوگی

ایران کے جوہری پروگرام پر مزید بات چیت 7 اور 8 نومبر کو جینوا میں ہوگی
اسلام ٹائمز۔ امریکہ اور یورپی یونین نے ايران کے جوہری پروگرام پر ہونے والے مذاکرات کو اب تک اس سلسلے ميں ہونے والے تمام مذاکرات ميں سب سے بامعنی قرار ديا ہے، تاہم مذاکرات ميں کوئی پيش رفت نہيں ہوسکی اور فريقين کے مابين اختلافات برقرار ہيں۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے کہا کہ یہ اب تک ہونے مذاکرات میں سب سے زیادہ تفصیلی اور جامع مذاکرات تھے۔ کيتھرين ايشٹن نے ايک پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فريقين کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بيان پڑھا، جس ميں ان مذاکرات کو بامعنی قرار ديا گيا۔ انہوں نے بتايا کہ مذاکرات کے دوران ايرانی وزير خارجہ محمد جواد ظريف نے ايک تجويز پيش کی۔ بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ نے رپورٹرز سے بات چيت کرتے ہوئے يہ تسليم کيا کہ چھ عالمی طاقتوں نے اس معاملے کو آگے بڑھانے کے ليے مثبت رويے کا مظاہرہ کيا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظريف نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کافی وسیع اور فائدہ مند رہی۔ ہم یہ امید کرتے ہیں کہ اس سے ہمارے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور ایک غیر ضروری بحران کا خاتمہ بھی ہو سکے گا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ايرانی وفد کے ساتھ اتنے سنجيدہ، واضح، دو ٹوک اور تفصيلی انداز ميں اس سے پہلے گفتگو نہيں ہوئی۔ اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی نے بھی کہا ہے کہ جوہری پروگرام سے منسلک تنازع کے حل کے لئے تجويز کردہ ايرانی پيشکش ميں جس سنجيدگی کا مظاہرہ کيا گيا ہے، وہ اس سے پہلے نہيں ديکھی گئی۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے ان مذاکرات میں ایرانی حکام کے ساتھ برطانیہ، چین، فرانس، روس، امریکہ اور جرمنی کے نمائندے شامل رہے۔ واضح رہے کہ تہران انتظاميہ اور امريکہ، برطانيہ، جرمنی، فرانس، روس اور چين پر مشتمل چھ عالمی طاقتوں کے مابين يہ مذاکرات رواں ہفتے منگل اور بدھ کے روز سوئٹزرلينڈ کے شہر جنيوا ميں ہوئے۔ ان مذاکرات ميں ايران نے تنازع کے پرامن حل کے ليے ايک تجويز پيش کی ہے، جس کی تفصيلات تاحال جاری نہيں کی گئی ہيں۔ ڈاکٹر حسن روحانی کے اگست میں صدر بننے کے بعد یہ اپنی نوعیت کے پہلے مذاکرات ہیں، جن سے کوئی معاہدہ ہونے کی امیدیں وابستہ کی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 311936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش