0
Wednesday 23 Oct 2013 18:28

امریکی تقاضوں کی فہرست طویل ہوئی تو نوازشریف کو انکے سامنے ڈٹ جانا چاہیے، ساجد میر

امریکی تقاضوں کی فہرست طویل ہوئی تو نوازشریف کو انکے سامنے ڈٹ جانا چاہیے، ساجد میر
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی کے سودے مشرف اور زرداری کے دور میں ہوتے رہے، نوازشریف اس روایت کو توڑ کر آئیں۔ قومی خود مختاری اور سالمیت کو مجروح کرنے والے امریکی تقاضوں کی فہرست طویل ہوئی تو نوازشریف کو انکے سامنے ڈٹ جانا چاہیے اور ایسی کسی بھی شرط کو مسترد کردینا چاہیے۔ امریکہ سے کسی بڑے بریک تھرو کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے امیر مولانا عبدالمالک مجاہد کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکہ کی تھی جس میں پاکستان کو سینڈوچ بنا دیا گیا۔ اب یہ آگ بن کر پورے ملک میں پھیل گئی ہے۔ امریکہ اس پر پانی ڈالنے کی بجائے ڈرون حملوں کے ذریعے اسے مزید بھڑکا رہا ہے۔ یہ پالیسی خطے کا امن تباہ کررہی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی امریکہ آمد سے پہلے ہی ماحول کو سازگار بنانے کیلئے پاکستان کی 1.6 ارب ڈالر کی فوجی اور اقتصادی امداد بحال کرنے کا امریکہ فیصلہ ہمیں رام کرنے کے لیے کیا گیا، ہمیں کسی ایسی امداد کی ضرورت نہیں جس میں ہماری سلامتی پر کوئی حرف آئے۔ برابری کی سطح پر بات چیت ہونی چاہیے۔ امریکہ سے ایڈ نہیں ٹریڈ کی پالیسی اپنائی جائے۔ ہمارا ملک مزید کسی سانحہ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ علما ء کے احترام میں طالبان سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار خوش آئند ہے۔ تاہم اسکے لیے انہیں فریم ورک دینا چاہیے اور حکومت کو بھی موثر علما کا وفد تشکیل دے کر بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ بھارت کی سازش ہے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ 

ساجد میر نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اگرچہ یہ اعلان کیا ہے کہ وہ صدر اوباما سے ملاقات کے موقع پر امریکی ڈرون حملوں کا ایشو بھی اٹھائیں گے مگر امریکہ تو اس معاملہ میں پوری عالمی برادری، کیا اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو بلوچستان اور کراچی کی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت اپنے پاس نہیں رکھنے چاہئیں۔ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف بھارتی لابی کا توڑ تو اسی طرح کیا جا سکتا ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت موقع پر ہی پیش کر دئیے جائیں۔ عید ملن پارٹی میں حاجی عبدالرزاق، مولانا محمد نعیم بٹ، حافظ عبدالستار حامد، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، رانا شفیق پسروری، میاں محمود عباس، حاجی نذیر انصاری، پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 313558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش