0
Friday 25 Oct 2013 10:36

امریکہ ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف سمجھ چکا ہے، سرتاج عزیز

امریکہ ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف سمجھ چکا ہے، سرتاج عزیز
اسلام ٹائمز۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ امریکا ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف سمجھ چکا ہے، امید ہے اس سال کے آخر تک ان حملوں میں واضح کمی آئے گی۔ لیکن امریکا کی جانب سے باضابطہ اعلان متوقع نہیں ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی میڈیا سے خصوصی گفتگو میں مشیر خارجہ نے امریکی صدر باراک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا میں پاکستان کے خلاف لابی مصروف عمل ہے اور یہ لابی پاکستان کا تاثر منفی انداز میں پیش کر رہی ہے۔
 
ڈرون حملوں سے متعلق سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ڈرون کا مسئلہ اٹھانے سے حملوں میں واضح کمی آئی ہے اور اس پر بین الاقوامی سطح پر بات ہو رہی ہے۔ امریکا نے ڈرون حملے روکنے سے متعلق کوئی باقاعدہ اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن امید ہے اس سال کے آخر تک حملے نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔ پاکستان میں جاری حکومت طالبان مذاکرات کے حوالے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ اے پی سے کے فیصلے کے مطابق حکومت مذاکرات کی حامی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکا کو معلوم ہے کہ مذاکرات کرنا کوئی سیدھا سادہ معاملہ نہیں ہے۔ 2014ء میں افغانستان سے امریکی انخلا کے سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ یہ امریکا اور افغانستان کا باہمی معاملہ ہے۔ پاکستان اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا۔ پاک بھارت تعلقات پر انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئے لیکن جب تک دونوں ممالک کے درمیان کشمیر جیسے بنیادی مسائل حل نہیں ہو جاتے تعلقات میں بہتری نہیں آ سکے گی۔ امریکا کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 313998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش