0
Monday 28 Oct 2013 20:47

آئی ایس او پشاور ڈویژن کے تین روزہ کنونشن کا احوال

آئی ایس او پشاور ڈویژن کے تین روزہ کنونشن کا احوال
رپورٹ: ایس اے زیدی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام 40واں ''امید مستضعفین جہاں'' کنونشن تاریخی دینی درس گاہ مدرسہ شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) میں منعقد ہوا۔ جس میں شب شہداء، محبین کنونشن، درس و دروس، حمد و نعت، تقریری مقابلہ، مجلس عمومی، بیداری اسلامی کانفرنس، شبِ شہداء، محفل مذاکرہ، اسکاوٹس سلامی، دُعا و عزاداری اہتمام کیا گیا۔ کنونشن میں علمائے کرام، تنظیمی اراکین، سابقین آئی ایس او اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس سالانہ کنونشن میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے نئے صدر کا انتخاب کیا گیا۔ اور اراکین تنظیم نے ضمیر عباس کو آئندہ سال کیلئے اپنا نیا میر کاررواں منتخب کیا۔ 3 روزہ اُمید مستضعفین جہاں کنونشن کے پہلے روز مجلس عمومی کے اجلاس کے دوران ڈویژنل کابینہ اور تمام یونٹس بشمول علاقہ بنگش، اورکزئی ، ہنگو اور پشاور کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تمام کابینہ ممبران کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

اس موقع پر افتتاحی کلمات میں ڈویژنل صدر اقتدار علی شایان نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو گزشتہ کئی برسوں سے مختلف طریقوں سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس مزموم مقصد کے حصول کیلئے لسانی، صوبائی اور قومیتی اختلافات سے بڑح کر فرقہ ورایت کو اہم ترین ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات سے خوب آگاہ ہیں کہ ان تمام سازشوں کی منصوبہ بندی دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان کر رہے ہیں۔ لیکن ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ اس حقیقت کا اعتراف کرنا ہوگا کہ کچھ نام نہاد مسلمان اور مقامی عناصر ہی استعمار کے آلہ کار کے طور پرکام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تخریب کاروں کو ملکی سطح پر بعض ملک دشمن سیاستدانوں کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے اور مسلمانوں کے مابین اتفاق و اتحاد سے ہی ایسے ملک و اسلام دشمن عناصر کو شکست دی جا سکتی ہے۔

کنونشن کے دوسرے روز شب شہداء اور محبین کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ محبین کنونشن میں علماء کے دروس، حمد و نعت خوانی اور تقریری مقابلہ جات ہوئے۔ علاوہ ازیں اسی روز محفلِ مذاکرہ کا بھی اہتمام ہوا۔ جس میں آئی ایس او سے وابستہ رہنے والے سابقین نے سابقہ تنظیمی تجربات پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ شبِ شہداء بھی منائی گئی۔ اور شہدائے راہِ حق کو شاندار اور باوقار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شب شہداء میں شہداء کے خانوادوں نے خصوصی شرکت کی۔ شہداء کی یاد سے منسوب اس رات میں شرکاء کنونشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس راہ میں قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ شب شہداء میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین الحسینی، آئی ایس او پاکستان کے بانی رہنماء امجد کاظمی ایڈووکیٹ اور جامعہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کے خطیب علامہ عابد حسین شاکری نے خطاب کیا۔ 

مقررین نے اپنے خطابات میں قائد شہید ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی سمیت شہدائے ملت جعفریہ کی قربانیوں اور ملک و ملت کیلئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں جامعہ شہید عارف حسین الحسینی (رح) میں 21 جون 2013ء کو پیش آنے والے سانحہ کے شہداء کو بھی خصوصی طور پر یاد رکھا گیا۔ شب شہداء کی خاص بات شہداء کے خانوادوں کی شرکت تھی، امامیہ طلباء نے ’’شہادت، شہادت۔ سعادت سعادت‘‘ کے نعرے بلند کرکے شہداء کے ذکر کو مزید رونق بخشی۔ اس موقع پر ہال میں شہداء کی تصاویر موجود تھیں، اور چراغاں بھی کیا گیا تھا۔ شہداء کے لواحقین میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ کنونشن کے دوسرے روز کا اختتام عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) کیساتھ کیا گیا۔

کنونشن کے تیسرے روز بیداری اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم خان نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا، علاوہ ازیں علامہ عابد حسین شاکری اور سینئر صحافی سید باقر موسوی نے کانفرنس سے خطاب کیا، کانفرنس میں ڈویژن بھر سے اعلیٰ تعلیمی اِداروں کے طلباء، عمائدین، تنظیم سے وابسطہ رہنے والے سابقین شریک ہوئے۔ اس موقع پر گذشتہ سال کے دوران بہترین تنظیمی کارکردگی کی بنیاد پر انعامات تقسیم کئے گئے۔ کنونشن کے اختتام پر اراکین آئی ایس او نے آئندہ سال کیلئے اپنے نئے میر کاررواں کا انتخاب کیا، اور یہ ذمہ داری ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم ضمیر عباس کے کندھوں پر آئی، جب ضمیر عباس کے انتخاب کا اعلان کیا گیا تو امامیہ طلباء نے اپنے نئے میرکاررواں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھرپور نعرہ بازی کی۔ اور ضمیر عباس نے پرنم آنکھوں کیساتھ اس ذمہ داری کا حلف اٹھایا۔
خبر کا کوڈ : 315177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش