0
Sunday 3 Nov 2013 19:40
گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے

ڈرون حملے اور طالبان کی دہشتگردی دونوں ہی پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں، مجلس وحدت مسلمین

خون کے آخری قطرے تک طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کرینگے
ڈرون حملے اور طالبان کی دہشتگردی دونوں ہی پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں، مجلس وحدت مسلمین
اسلام ٹائمز۔ کراچی تا گلگت ظالم حکمرانوں سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، خون کا آخری قطرہ گرنے تک ہم طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے زیراہتمام منعقدہ دفاع وطن کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، سینیٹر فیصل رضا عابدی، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید رضا رضوی سمیت دیگر افراد شامل تھے جبکہ اس موقع پر قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان علامہ سید راحت حسینی، حاجی فدا محمد ناشاد، صوبائی وزیر خزانہ گلگت بلتستان محمد علی اختر، جماعت اسلامی کے رہنما عطاء اللہ شہاب، علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، علامہ شیخ بلال سمائری سمیت گلگت بلتستان کے جید علماء کرام بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ دفاع وطن کنونشن میں لاکھوں کی تعداد میں شرکاء کی شرکت نے گلگت کی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

شرکائے کنونشن سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے اور طالبان کی دہشت گردی دونوں ہی پاکستان کی سالمیت کیلئے اہم خطرہ ہیں، حکومت وقت دہشت گردوں سے مذاکرات کے بجائے ڈرون طیاروں کو گرائے اور فی الفور ملک بھر میں امریکی ایجنٹ طالبان دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کرے، ہم نے مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے پوری دنیا میں جاری دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی بھرپور مخالفت کی ہے، ہم پاکستان کی اٹھارہ کروڑ عوام کے دل کی آواز ہیں، کسی بھی دہشت گرد کو اس ملک میں پنپنے نہیں دینگے۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، انشاءاللہ آنے والے الیکشن میں گلگت بلتستان سے وہ لوگ اسمبلی میں جائیں گے جو ان کے حقوق کی آواز اٹھائیں گے، پاکستان کے غیرت مند غیور عوام نے دفاع وطن کنونشن میں بےمثال شرکت کرکے ملک دشمن، اسلام دشمن عناصر اور انکی حمایت کرنے والی جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوم عوام کی حمایت کے لیے آواز بلند کی ہے، وحدت امت کے لئے بستی بستی کریہ کریہ جاکر پیغام پہنچائیں گے، کراچی تا گلگت ظالم حکمرانوں سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انشاءاللہ ظالم حکمرانوں کو اپنی وحدت کی طاقت سے شکست دیں گے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت اور بلتستان میں آج جو شیعہ سنی وحدت کا انقلاب برپا ہوا ہے اس کی آواز پورے ملک میں گونجے گی اور وحدت کی یہ صدا عنقریب دشمن کی سازشوں کو ناکام کر دے گی، آج کے اس تاریخ ساز اجتماع نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے شیعہ اور سنی متحد ہیں اور عاشقان محمد (ص) و آل محمد (ع) کا یہ اتحاد ملک کو دہشت گردی کے چنگل سے نجات دلا کر ہی دم لے گا، خطے میں امریکی اور سعودی برانڈ دہشت گردی دم توڑ رہی ہے اور امریکی سرمایہ سے پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں لپیٹنے والے شیعہ سنی اتحاد دیکھ کر مایوس ہو رہے ہیں، مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کے مظلوموں کی نمائندہ جماعت ہے، گلگت بلتستان کے تمام مسالک اور برادریوں کے افراد کے لئے دہشت گردی کے خلاف ایک سایہ بنیں گے، ہم آج اس پلیٹ فارم سے اسماعیلی برادری، نور بخشی برادری سمیت تمام مسالک کے افراد کو امن کو پیغام دیتے ہیں، انشاءاللہ اپنے اتحاد سے وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

کانفرنس سے خطاب میں سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ انقلاب انقلاب سننے کو ملتا ہے مگر انقلاب کا نعرہ لگانے والے خود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں، اصل انقلاب وہ تھا جو گلگت بلتستان کی غیور عوام 1948ء کو نومبر کے مہینے میں لائی تھی، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں شعیان حیدر کرار پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے، ایک ڈرون حملے میں مرنے والے دہشت گردوں پر حکومت سوگ منا رہی ہے اور خوفزدہ ہے، مٹھی بھر دہشت گردوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے، پاکستان میں سعودی عرب کے ایماء پر کشت و خون بہایا جا رہا ہے، تمام جماعتوں نے حکیم اللہ محسود کو مائی باپ مان لیا ہے، ان جماعتوں کو بے گناہ عوام کا خون نظر نہیں آتا، امن کا دم بھرنے والے حکمران سوات سمیت شمالی وزیرستان اور دیگر علاقوں میں امن قائم کر لیں پھر مذاکرات کی با ت کریں، ہم سے زیادہ پاکستان کا وفادار کوئی نہیں ہے، مذاکرات کے لئے سنی اتحاد کونسل سمیت اہل تشیع کو بھی شامل کیا جائے، جس دن علماء اجازت دینگے طالبان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اس دور میں عاشقان محمد (ص) کو متحد ہونے ضرورت ہے۔

اپنے خطاب میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی جھگڑا نہیں ہے، میں 22 سنی جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعلان کرتا ہوں کہ ہم آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ملکی سلامتی اور بقاء کی جنگ انشاءاللہ ہم مل کر لڑئیں گے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا کر ملک کو امن اور سلامتی کا گہوارہ بنائیں گے، دہشت گردوں کا ہدف پاکستانی فورسز، علمائے اہل سنت، علمائے اہل تشیع ہیں، جو حقیقت میں پاکستان کا فطری دفاع ہیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا رضوی نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ڈائیلاگ ان لوگوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے جو آئین پاکستان کے خلاف ہیں، جنہوں نے ریاست کے اندر ریاست بنائی ہوئی ہے اور جن لوگوں نے ملک کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، انہیں 66 سال گزرنے کے باوجود ملک میں شامل ہی نہیں کیا جا رہا ہے۔

علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے ان شہیدوں پر، ان کے وارثین پر کہ جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، لیکن کبھی بھی ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا، گلگت بلتستان کی عوام کے حقوق آج تک نہیں دیئے گئے، نام نہاد صوبائی سیٹ اپ کے نام پر یہاں کی عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا، گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی دی جائے، پاکستان میں کوئی شیعہ سنی تفرقہ نہیں ہے، اگر یہ حکومت طالبان سے مذاکرات کرے گی تو بھرپور مخالفت کرینگے، خون کا آخری قطرہ گرنے تک ہم طالبان سے مذاکرات کی مخالفت کرینگے، ہم بین المذاہب ہم آہنگی کے قائل ہیں، ہم کسی کو کافر نہیں کہتے، ملک میں نظام مصطفٰی (ص) نافذ کیا جائے، اسی میں ہی سب کی بھلائی ہے۔
دفاع وطن کنونشن سے خطاب میں دیگر مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے اپنے سیاسی حقوق کے حصول کی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے اور آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں اس سرزمین سے خیانت کے مرتکب لوگوں کو شکست دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 317232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش