0
Tuesday 26 Nov 2013 19:18

امریکی جنگ کی وجہ سے پاکستان کا سو ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، رحمت وردگ

امریکی جنگ کی وجہ سے پاکستان کا سو ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی چیمپئن نیٹو افواج انسانی ہمدردی کے تحت امریکہ سے مطالبہ کریں کہ امریکہ فوری طور پر ڈرون حملے بند کرے، کیونکہ ڈرون حملوں سے بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔ اگر نیٹو کے افواج کے مطالبے پر امریکہ ڈرون حملے بند نہیں کرتا تو نیٹو افواج امریکی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کرے۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو طالبان کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات کرنے چاہئیں کیونکہ پاکستان کے عوام کی بہت بڑی اکثریت اس کے حق میں ہیں، امریکہ کی جنگ کی وجہ سے سو ارب ڈالر کا پاکستان کو نقصان ہو چکا ہے، جس سے ہمارے معاشی بدحالی میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سو ارب ڈالر سے ہمارے ملک میں بڑے آبی ذخائر، یونیورسٹیاں اور بڑے بڑے ہسپتال اور عوام کے مفاد کے کام ہو سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس رقم سے بیروزگاری، مہنگائی اور لاقانونیت میں کمی ہو سکتی تھی مگر افسوس کہ ہمارے حکمران امریکی جنگ لڑ کر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے فوری طور پر مولانا فضل الرحمن، مولانا سمیع الحق، سید منور حسن، عمران اور وزیر داخلہ نثار علی خان پر مشتمل ایک بااختیار کمیٹی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے کامیابی پر پاکستان دہشت گردی سے محفوظ ہو جائے گا، ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع میسر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب تک امن قائم نہیں ہو گا، ملک معاشی ترقی نہیں کر سکے گا، ہمارے حکمرانوں کو امریکی غلامی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا، ہمارے حکمرانوں کو ایک آزاد و خودمختار پاکستان کیلئے جد جہد کرنا ہو گی، جس سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 324892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش