0
Sunday 8 Dec 2013 19:00

تمام مسلم ممالک امریکہ کے نشانے پر ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

تمام مسلم ممالک امریکہ کے نشانے پر ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام چلائی جانے والی ’’دہشت گردی مکاؤ ملک بچاؤ‘‘ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا کیلئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے تمام مسالک کے سینئر علماء پر مشتمل ایلڈرز کونسل بنائی جائے۔ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی طرف دیکھ رہی ہے۔ وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں نہ آنا غیرجمہوری رویہ ہے۔ عدم برداشت، جنونیت اور شدت پسندی کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے، اس کا قلع قمع نہ کیا گیا تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے۔ ریاستی ادارے غیرملکی ایجنسیوں کا خونی کھیل بند کروائیں۔ تمام مسلم ممالک امریکہ کے نشانے پر ہیں،امریکہ اسلام کو اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ لاہور میں شمس الرحمن معاویہ کا قتل پنجاب حکومت کی ناکامی ہے۔ حکومت مذہبی راہنماؤں کا تحفظ یقینی بنائے، کفر متحد اور مسلمان منتشر ہیں، اتحاد اُمّت وقت کی اہم ضرورت ہے، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بلوچستان حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، کشمیر بھارت کی دکھتی رگ اور ہماری شہ رگ ہے، امن اور انسانیت کی خاطر امریکہ ڈرون حملے اور طالبان خودکش حملے بند کریں، ملکی ترقی کے لیے چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیراعظم الیکشن جیتنے کے لیے پاکستان دشمن بیانات دے رہے ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت کی عالمی سازش کا متحد ہو کر مقابلہ کیا جائے۔ اتحاد و یکجہتی سے ہی دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں۔ تمام مذہبی جماعتوں کے راہنما اپنے کارکنوں کے جذبات کو کنٹرول کریں۔ معاشرے کو ظلم، فتنہ اور فساد سے بچانے کے لیے جزا و سزا کا نظام مؤثر بنایا جائے۔ حکومت غیرقانونی سموں کی روک تھام کے لیے فوری اقدام کرے۔ حکومت نے بلدیاتی الیکشن جیتنے کے لیے یوتھ بزنس لون سکیم کا اعلان کیا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ حکومت نے عوام کو تھوک پرچون مافیا کے حوالے کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کی بجائے غریب کو ختم کر رہی ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیرمؤثر ہو چکی ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قرضوں پر انحصار ختم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کے لیے نفرت کی دیواریں گرانا ہوں گی اور عداوتوں کی فصلیں کاٹ کر محبتوں کے گلاب اگانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچر اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ ملک وی آئی پی کلچر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مطالبہ کیا کہ حکومت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرے۔ بھارتی فلموں اور ڈراموں پر پابندی لگائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 328585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش