0
Friday 13 Dec 2013 21:03

پولیس نیک نیت ہو جائے تو معاشرہ جنت بن جائےگا، مولانا طارق جمیل

پولیس نیک نیت ہو جائے تو معاشرہ جنت بن جائےگا، مولانا طارق جمیل
اسلام ٹائمز۔ پولیس لائن فیصل آباد میں اہلکاروں سے اپنے خطاب میں معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ جرم، جھوٹ، منافقت اور لالچ ختم کر کے معاشرے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز، چاروں ٹاؤنز ایس پیز، ڈی ایس پی و دیگر افسران پولیس نے شرکت کی۔ تقریب کا آغا ز مولانا طارق جمیل نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا محکمہ عدل و انصاف فراہم کرنے کیلئے ایک اہم فورم ہے اور اس فورم میں تمام افسران و ملازمان شامل ہیں۔ اسلام میں نظام عدل وانصاف قائم کرنے کا بہت بڑا درجہ ہے۔ اس میں ایک درجہ ظلم اور ناانصافی کو ہاتھ سے روکنے کا بھی شامل ہے لیکن نظام انصاف میں عدل کا توازن قائم نہ رکھنے سے معاشرہ انحطاط کا شکار ہے اگر ایک پولیس والا نیک نیتی سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے تو ایک رات کی ڈیوٹی کا ثواب کئی سال کی عبادت سے زیادہ ہے۔ پولیس وہ واحد محکمہ ہے جو دُنیا کے ساتھ ساتھ دین کے ثمرات سے لوگوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے اور بطور ادارہ ملکی نیک نامی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے افسروں اور ملازمین سے خطاب میں کہا کہ آپ اپنے فرائض منصبی کماحقہ نیک نیتی سے سر انجام دیں۔ سیاسی پریشر، اقربا پروری، دُنیاوی برائیوں اور لالچ نفسانی سے اپنے آپ کو دور رکھیں تو آپ بہت تھوڑے عرصہ میں لوگوں کیلئے قابل تقلید مثال بن سکتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں مولانا طارق جمیل نے خصوصی دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنی سمجھ بوجھ کے ساتھ راہ ہدایت پر چلنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی آپریشنز غلام مبشر میکن نے بتایا کہ پولیس ملازمین کیلئے مختلف دینی کورسز کا آغاز کیا گیا ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے وہ معاشرہ کیلئے مثال بن سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 330347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش