0
Sunday 15 Dec 2013 21:48
ملک بھر میں برادران اہلسنت چہلم شہداء کربلا کے موقع پر ہمارے شانہ بشانہ ہونگے

بلوچستان میں امن، اتحاد اور وحدت کے فروغ کیلئے لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس منعقد کی جائیگی، علامہ مقصود علی ڈومکی

بلوچستان میں امن، اتحاد اور وحدت کے فروغ کیلئے لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس منعقد کی جائیگی، علامہ مقصود علی ڈومکی

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امن اتحاد اور وحدت کے فروغ کیلئے اگلے ماہ لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس بلوچستان میں منعقد کی جائیگی۔ جس میں ملک بھر سے سنی شیعہ علماء کرام شریک ہونگے اور امام حسین (ع) کے چہلم اور عید میلاد النبی کے جلوسوں میں ملک بھر میں شیعہ علماء اکابرین اور عوام برادران اہلسنت کے شانہ بشانہ شریک ہونگے تاکہ نفرت انگیز سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سامراجی قوتوں نے دہشت گردی اور فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دی ہے اور عالم اسلام میں اپنے آلہ کاروں کے ذریعے دہشتگردی اور فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دیکر ڈالروں کے عوض بےگناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدیوں سے نکلنے والے جلوس امام حسین (ع) اور عید میلاد النبی (ص) میں شیعہ سنی مسلمان مل کر شریک ہوتے ہیں۔ کوئٹہ کے جلوس میں ہمارے اہلسنت بھائی سبیل لگاتے تھے، لہذٰا ملک کا اصل مسئلہ جلوس نہیں بلکہ دہشتگردی ہے۔ وہ دہشتگرد ہیں جو ایک منظم منصوبے کے تحت ان سانحات کو کرا کر عیدمیلاد النبی اور عزاداری کے جلوس روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جوکہ افسوسناک ہے۔ اس بار بھی چہلم امام حسین (ع) کا جلوس ملک بھر میں بھرپور انداز سے برآمد ہوگا اور ملک بھر میں برادران اہلسنت چہلم شہداء کربلا کے موقع پر ہمارے شانہ بشانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر متحدہ مجلس عمل یا ملی یکجہتی کونسل کے تمام اتحادوں میں سنی و شیعہ علماء اکھٹے ہیں۔ بلوچستان کی سطح پر اتحاد ملت اسلامیہ محاذ بھی اتحاد امت کا مظہر ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل الائنس آف پیٹریاٹس تشکیل دیا ہے، تاکہ ملک سے دہشتگردی اور منافرت کا خاتمہ ہو۔ ملک میں امن و اتحاد کے فروغ کیلئے ایک نکاتی ایجنڈے پر جمع ہوں۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان میں اگلے ماہ لبیک یارسول اللہ کانفرنس منعقد کر رہی ہے، جس میں ملک بھر سے شیعہ سنی علماء کرام شریک ہونگے۔

خبر کا کوڈ : 330921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش