0
Monday 16 Dec 2013 17:26

یوم سقو ط ڈھاکہ، سنی اتحاد کونسل نے یوم وفاداری پاکستان کے طور پر منایا

یوم سقو ط ڈھاکہ، سنی اتحاد کونسل نے یوم وفاداری پاکستان کے طور پر منایا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں یومِ سقوطِ ڈھاکہ کو ’’یومِ وفادارئ پاکستان‘‘ کے طور پر منایا۔ اس سلسلہ میں مختلف شہروں میں سیمینارز، مذاکرے اور کانفرنسیں منعقد کی گئیں اور پاکستان ٹوٹنے کے اسباب پر روشنی ڈالی گئی، یومِ وفادارئ پاکستان کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں وفادارئ پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ جیسے سانحہ سے بچنے کے لیے محبت پاکستان کے جذبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،حکمران پاکستان کی سلامتی کو بچانے کے لیے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔ سانحۂ مشرقی پاکستان کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ بھارت نے اپنی سازشوں سے پاکستان کو دو لخت کرنے کی سازش کی تھی۔ بھارت آج بھی بلوچستان میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بھارت نے پاکستانی فوجیوں کے خلاف مکتی باہنی کو منظم کیا۔ یومِ سقوطِ ڈھاکہ ہماری قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ بنگلہ دیش میں عبدالقادر مُلّا کے عدالتی قتل سے ماضی کے زخم پھر تازہ ہو گئے ہیں۔ عبدالقادر مُلّا کو سزا دینا بنگلہ دیش اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ حکومت پاکستان بنگلہ دیش سے زوردار احتجاج کرے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ مشرقی پاکستان دانائی سے عاری سیاسی قیادت کی ناکامیوں کی داستان ہے۔ حکمران سانحۂ مشرقی پاکستان سے سبق سیکھتے ہوئے بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ کریں۔ بھارت مشرقی پاکستان میں مداخلت کر کے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تھا۔ سقوطِ ڈھاکہ کے المناک سانحہ کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ یومِ وفادارئ پاکستان کے موقع پر لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، پیر محل میں صاحبزادہ حمیدالدین رضوی ایڈووکیٹ، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 331192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش