0
Tuesday 14 Jan 2014 19:06

لاہور میں عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس مقرر راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار اختتام پذیر

لاہور میں عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس مقرر راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ جشنِ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام ریلوے سٹیشن سے داتا دربار تک لاہور کا سب سے بڑا جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں علماء ومشائخ دینی مدارس کے ناظمین اور اہلسنت تنظیموں، وکلاء، طلباء، تاجر اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ لاہور کے گردونواح سے سینکڑوں عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تمام راستے میں قصیدہ بردہ شریف، درود و سلام کا ورد کیا گیا اور سرکار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا، مرحبا، پتی پتی پھول پھول یارسول (ص)، جشنِ عید میلاد النبی مبارکباد کے نعروں سے فضاء گونجتی رہی عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

جلوس کے شرکا گھوڑا گاڑیوں، ریڑھیوں، بگھیوں، گاڑیوں، ویگینوں، کاروں اور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے ہاتھ میں نعلین پاک کے نقش والے سبز پرچم اٹھا رکھے تھے۔ جلوس میں مقامی سیاسی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس کے ساتھ بچوں کی کثیر تعداد بھی شریک تھی اکثر بچوں نے سر پر سبز عمامے باندھ رکھے تھے جبکہ راستے میں جگہ جگہ جلوس کے استقبال کے لئے کیمپ لگائے گئے تھے جہاں جلوش کے شرکا کا پرجوش انداز میں استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سچا مسلمان کبھی دہشت گرد نہیں ہوسکتا، اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، دہشت گرد اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، دہشت گردی کا توڑ نظام مصطفی اور خلافت راشدہ کا نفاذ ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امن اور سلامتی کا پیغام لے کر دنیا میں تشریف لائے اور دنیا کو جہالت کے اندھیروں سے نکالا اور تعلیم کے چراغ سے روشن کیا۔ انھوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قرآن وحدیث کی تعلیم سے روشناس کروائیں۔ جلوس میں حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا گلے کاٹنے والی قاتل بسنت پر پابندی لگائی جائے اور عدلیہ کے فیصلے پر عمل کیا جائے، بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین مبارک بازیاب کروائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 341030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش