0
Thursday 30 Jan 2014 18:37
ملی یکجہتی کونسل خدا کا عطیہ ہے جو ہمارے اکابرین کی کوششوں اور محنتوں کا نتیجہ ہے

ہم نہ فقط اتحاد و وحدت کیلئے سرگرم ہیں بلکہ ہمارا مقصد ملک میں نظام مصطفٰی (ص) کا قیام بھی ہے، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر

ملک کے طول و عرض میں ہونیوالی شدت پسندانہ اور دہشتگردانہ کارروائیوں کے پیچھے دشمنان اسلام کے ایجنٹوں کا ہاتھ ہے
ہم نہ فقط اتحاد و وحدت کیلئے سرگرم ہیں بلکہ ہمارا مقصد ملک میں نظام مصطفٰی (ص) کا قیام بھی ہے، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ جس طرح خدا کی ربوبیت تمام عالمین کے لیے ہے، اسی طرح رحمۃ للعالمینؐ کی رحمت کائنات کی ہر شے پر محیط ہے بلکہ رحمت ربوبیت کا لازمہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے ایوانِ قائد اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام منعقدہ ''رحمۃ للعالمین ؐ کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں ہونے والی شدت پسندانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے دشمنان اسلام کے ایجنٹوں کا ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات سے پاکستان کے عوام، حکمران اور اہل نظر طبقہ آگاہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں فرقہ واریت ہوتی تو راولپنڈی، مستونگ اور پشاور کے واقعات کے بعد گلی گلی کشت و خون ہوتا۔ ملی یکجہتی کونسل خدا کا عطیہ ہے جو ہمارے اکابرین شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد مرحوم اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں اور محنتوں کا نتیجہ ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمیں مختلف عصبیتوں کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہے۔ ملی یکجہتی کونسل امت مسلمہ کو درد مشترک اور قدر مشترک پر اکٹھا کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔ ہمارا کام محبت کے اس پیغام کو عام کرنا ہے۔ اتحاد و وحدت میں ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل پنہاں ہے، ہمیں اس کوشش کو نہایت خلوص نیت اور عزم کے ساتھ سرانجام دینا چاہیے۔
 
کونسل کے سابق سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد نے اس اہم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم ؐ کی ذات مبارک مسلمانوں کے مابین نکتہ اتحاد ہے۔ ہمیں آپ ؐ کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہیے، تبھی جا کر ہم ملت کے مسائل کا حل نکال سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ نبی رحمت ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو دنیا کی کوئی بھی قوت ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انھوں نے کہا کہ عالم اسلام مختلف وسائل سے مالا مال ہے۔ سونا، تانبا، کوئلہ، گیس، پیڑول اور یورینیم سبھی ہماری زمینوں میں پایا جاتا ہے، اگر کسی شے کی کمی ہے تو وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے تمسک ہے۔ ہم جتنا جلدی رسالت ماب ؐ کی تعلیمات سے پیوستہ ہوجائیں گے ہماری فلاح اتنی ہی قریب ہے۔ انھوں نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکل نہیں رہا بلکہ وہ نکلنے کے بہانے پاکستان میں ڈیرے جما رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد اور دیگر کئی علاقوں میں اربوں روپے کی اراضی خریدی گئی ہے۔

حافظ ابتسام الہی ظہیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی رحمت ؐ کی محبت تمام مسلمانوں کا مشترکہ سرمایہ ہے۔ انھوں نے کہا ہم تمام مسالک ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر محبت رسول ؐ میں یکجان ہیں اور ہم مل کر محبت کا یہ پیغام عام کریں گے۔ اجلاس سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلٰی خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد و وحدت کے لیے ملی یکجہتی کونسل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ 
جنرل (ر) حمید گل نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم Historical Twilight سے گزر رہے ہیں نور اور اندھیرے کے ملاپ کا یہ وقت دنیا کی اقوام کے لیے ایک خلا پیدا کر رہا ہے۔ کیمونزم کے خاتمے کے بعد اب کیپٹلزم بھی اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، یہ وہ وقت ہے جب امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ نبی کریم ؐکا حقیقی نظام دنیا کے سامنے پیش کرے۔ ہمیں اس خلا کو پر کرنا ہے، اگر یہ خلا ہم نے پر نہ کیا تو کوئی اور ہماری جگہ لے لے گا اور امت مسلمہ اگلے دو سو سال کے لیے پھر غلامی کے اندھیروں میں ڈوب جائے گی۔

تنظیم اسلامی کے راہنما خالد محمود عباسی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی رحمت ؐ کی بہت سی سنتیں ہیں، لیکن ان کی سب سے اہم سنت معاشرتی عدل کا قیام ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نبی کریم ؐ کی اس سنت کو زندہ کیا جائے۔ اسی سنت کے احیاء میں امت مسلمہ اور ساری دنیا کے مسائل کا حل پنہاں ہے۔ کانفرنس سے ان افراد کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، تنظیم العارفین کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ سلطان احمد علی، تحریک فیضان اولیاء کے صدر دیوان سید عظمت چشتی، آغا مرتضٰی پویا، ملی یکجہتی کونسل نے نائب صدر آصف لقمان قاضی، امیر جماعت اسلامی آزاد و جموں کشمیر عبدالرشید ترابی، تحریک احیائے خلافت کے سربراہ قاضی ظفرالحق اور کئی ایک دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ 
اس کانفرنس کی نظامت کے فرائض کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے انجام دیئے۔ افتتاحی کلمات نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے سیرت سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طفیل اور کانفرنس کی میزبان تنظیم تحریک اسلامی کے راہنما علامہ محمد قاسم جعفری نے ادا کئے۔ کانفرنس میں کونسل میں شامل تمام جماعتوں کی اعلٰی قیادت کے علاوہ کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 346745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش