0
Monday 10 Feb 2014 00:48

ملا عمر کا افغانستان، چین سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں تھا، سینیٹر مشاہد حسین سید

ملا عمر کا افغانستان، چین سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں تھا، سینیٹر مشاہد حسین سید
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہدحسین سید نے کہا ہے کہ طالبان گروپ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے قیام میں سنجیدہ لگتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ریجنل پیس انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام پاکستان، چائنہ اور افغانستان کے مابین سہ فریقی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملا عمر کے زیر اقتدار طالبان کا افغانستان، چین سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں تھا اور اس سلسلے میں اسلام آباد میں متعین چینی سفیر لوشولن نے دسمبر 2000ء میں قندھار میں سپریم کمانڈر ملا عمر سے ملاقات کی تھی۔

جس میں طالبان راہنماء نے چین کی علاقائی سالمیت کو مقدم رکھتے ہوئے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے اور افغان سرزمین کو ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کا ایک مستحکم اور پرامن افغانستان پر اتفاق ہے اور رواں سال افغانستان سے نیٹو کے انخلاء کے وقت 1989ء کی تاریخ دہرائے جانے سے علاقائی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کا حالیہ دورہ برسلز، دورہ کابل سمیت پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام بیجنگ میں منعقدہ سہ فریقی تھنک ٹینکس کے اجلاس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

قبل ازیں، سیمینار کی کلیدی مقرر مادام چن ہوائے فان نے چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار پیس اینڈ ڈس آرمامنٹ کے وفد کے ہمراہ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین نے انہیں مئی 2014 میں منعقد ہونے والے اگلے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا۔ طالبان ایران تعلقات اور پاکستان طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھاکہ طالبان گروپ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے قیام میں سنجیدہ لگتے ہیں جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ سیمینار سے سینیٹر مشاہد حسین سید اور مادام چن ہوائے فان کے علاوہ خورشید محمود قصوری، شمشاد احمد خان، لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ طلعت مسعود، لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 349999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش