0
Friday 14 Mar 2014 13:38
امن مذاکرات کے باوجود دہشتگردی کی کارروائیاں جاری

پشاور، بٹہ تل بازار میں خودکش دھماکہ، 7 افراد جاں بحق 25 زخمی

پشاور، بٹہ تل بازار میں خودکش دھماکہ، 7 افراد جاں بحق 25 زخمی
اسلام ٹائمز۔ سربند کے نواحی علاقے پٹہ تل بازار میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور اے ایس آئی سمیت 25 زخمی ہوئے ہیں۔ ایس پی کینٹ فضل کریم کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشاور کے علاقے سربند کے نواحی علاقے پٹہ تل بازار میں خودکش بمبار نے پولیس کی بکتربند گاڑی کو نشانا بنایا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور اے ایس آئی سمیت 25 افراد زخمی ہوئے، دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے دوران دھماکے سے مخالف قوتیں سامنے آ رہی ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور کے بٹہ تل بازار میں خودکش دھماکے میں خاتون سمیت سات افراد جاں بحق اور تئیس زخمی ہوگئے۔ پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ پہلی مرتبہ خودکش دھماکے میں مارٹر شیل استعمال کئے گئے۔ ایک طرف حکومت اور طالبان میں امن مذاکرات جاری ہیں لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کی کارروائیاں نہیں رک سکیں اور آج ایک مرتبہ پھر پشاور کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ بٹہ تل بازار میں خودکش حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے۔ واقعے میں تئیس افراد زخمی ہوگئے جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال میں کئی زخمی تشویشناک حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن نجیب اللہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ باڑا کے نزدیک علاقے میں کیا گیا۔ پہلی مرتبہ خودکش حملے میں مارٹر شیل استعمال کئے گئے۔ ایس پی کینٹ فیصل کامران کے مطابق خودکش حملہ آور کے اعضا مل گئے ہیں۔ ایس پی کینٹ فیصل کامران نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 361536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش