0
Sunday 6 Apr 2014 06:55

فوج کو عوام کے خلاف آپریشن کے لیے اکسانا غیر جمہوری اور غیر حکیمانہ رویہ ہے، لیاقت بلوچ

فوج کو عوام کے خلاف آپریشن کے لیے اکسانا غیر جمہوری اور غیر حکیمانہ رویہ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر پرجوش خطاب پی پی پی کی فطری ضرورت تھی۔ بلاول کے تقریری اتالیقوں نے اچھی تیاری کرائی تھی لیکن ملک میں امن کے قیام کی مخالفت، طالبان مخالفت کی آڑ میں قرآن و سنت کے نظام سے بے زاری اور فوج کو عوام کے خلاف آپریشن کے لیے اکسانا غیر جمہوری اور غیر حکیمانہ رویہ ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں مذاکرات جائز ہیں تو فاٹا اور خیبر پختونحوا میں مذاکرات کی مخالفت تعصب اور تضاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری الخدمت فائونڈیشن پنجاب کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب اور پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی ورکشاپ سے صدر الخدمت پنجاب رائو محمد ظفر، امیر العظیم، سید ضیااللہ اور افتخار پنوں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن پنجاب اکرام سبحانی بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اسلامیان پاکستان کے درد مشترک اور قدر مشترک کی بنیاد پر وحدت، یکجہتی، اتحاد، برداشت، باہمی احترام سے فرقہ واریت اور تکفیریت کی آگ کو ختم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔ 15 اپریل کو ملی یکجہتی کونسل اسلام آباد میں عالمی اتحاد امت کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے دینی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، سکالرز، جید علماکرام، اتحاد مدارس دینیہ کے قائدین کے علاوہ افغانستان، ایران، مصر، ترکی، سعودی عرب، کشمیر، فلسطین کے علمائے کرام اور سکالرز کو موعو کیا گیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل ملک میں مرکزی، صوبائی تنظیموں اور دینی جماعتوں کے ذریعے ضابطہ اخلاق کے مطابق اتحاد و یکجہتی، متحارب گروہوں کے درمیان مصالحت، مساجد میں خطابات جمعہ کے متفقہ موضوعات کے ذریعے محبت و اتحاد کا کام کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 369671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش