0
Saturday 26 Apr 2014 18:00

شمالی وزیرستان، طالبان گروہوں میں تصادم شدت اختیار کرگیا، 17 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان، طالبان گروہوں میں تصادم شدت اختیار کرگیا، 17 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے واڑہ منڈی میں کالعدم تحریک طالبان کے متحارب گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 17 دہشتگرد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں میں زمینی تنازعہ اور کنٹرول نے کالعدم تحریک طالبان کو مختلف دھڑوں میں تقسیم کردیا ہے۔ طاقت اور زمینی قبضے کیلئے طالبان کے مختلف گروپ خود ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہوگئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کالعدم دھڑوں میں اختلاف شدت سے سامنے آیا ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے علاقے واڑہ منڈی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم میں مزید 17 شدت پسند ہلاک او ر 14 زخمی ہوگئے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے 17 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے قبائلیوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے ذیلی گروپ سے ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے سجنا اور شہریار گروپ میں کافی عرصے سے زمین کے تنازعے اور علاقے پر کنٹرول کیلئے مسلح تصادم جاری ہے، جس کے باعث اب تک 60 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دونوں جانب سے بھاری اور جدید ہتھیاروں، راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 376661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش