0
Saturday 26 Apr 2014 23:13

سپریم کورٹ کا حکیم سعید قتل کیس میں ایم کیو ایم کو بیگناہ قرار دینا حق کی فتح ہے، رابطہ کمیٹی

سپریم کورٹ کا حکیم سعید قتل کیس میں ایم کیو ایم کو بیگناہ قرار دینا حق کی فتح ہے، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے حکیم سعید قتل کیس میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو باعزت بری کرنے کا فیصلہ برقرار رکھنے کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے، سندھ ہائیکورٹ چند سال قبل ایم کیو ایم کے ان کارکنوں کو حکیم سعید کیس میں پہلے ہی باعزت بری کرچکی تھی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ 1998ء میں ایک سازش کے تحت نہ صرف حکیم سعید کے قتل کا الزام ایم کیو ایم پر لگایا گیا بلکہ اس الزام کی بنیاد پر سندھ میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر یہاں گورنر راج لگا کر ایم کیو ایم کے خلاف بدترین آپریشن بھی کیا گیا، اس جھوٹے الزام میں ایم کیو ایم کے ایک بیگناہ کارکن فصیح جگنو کو گرفتار کرکے حراست کے دوران وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل بھی کیا گیا، اسی جھوٹے الزام کی بنیاد پر برسوں تک ایم کیو ایم کا بدترین میڈیا ٹرائل بھی کیا گیا اور اخبارات کے صفحے اس کے خلاف الزامات سے سیاہ کر دیئے گئے، ایم کیو ایم اس گھناؤنے الزام کی مسلسل سختی سے تردید کرتی رہی، یہ اللہ عزوجل کا کرم ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے بعد اب سپریم کورٹ نے بھی ایم کیو ایم کو حکیم سعید قتل کیس سے باعزت بری کر دیا ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے جانے کی تاریخ انتہائی طویل ہے 1992ء میں ایم کیو ایم پر جناح پور بنانے کا الزام لگایا گیا بعد میں الزام لگانے والوں نے خود اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم پر الزام قطعی من گھڑت تھا، جناح پور کا الزام ایک ڈرامہ تھا اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لگایا گیا تھا۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ حکیم سعید قتل ایم کیو ایم کے خلاف گہری سازش کا حصہ تھا۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہم عدلیہ کے اس فیصلہ پر اللہ کے حضور بسجود ہیں اور عوام اور کارکنان کو اس تاریخ ساز فیصلہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ حکیم سعید قتل کیس کی آڑ میں ایم کیو ایم کے جن بیگناہ کارکنوں کو شہید کیا گیا اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور اس الزام کی آڑ میں ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردوں پر مظالم کے پہاڑ توڑنے والوں کا احتساب کرے۔
خبر کا کوڈ : 376739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش