0
Thursday 1 May 2014 00:26
شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا

افواج پاکستان ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جنرل راحیل شریف

افواج پاکستان ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جنرل راحیل شریف
اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہمیشہ کام کرتی رہیں گی، تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر نظام کی کامیابی کیلئے کوشاں رہیں، لازم ہے کہ قائد اعظم کے دیئے گئے سنہری اصولوں کو یاد رکھا جائے، افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام، آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ان خیالات کا اظہار بدھ کی شب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ جنرل راحیل نے کہا کہ حالیہ سالوں میں بلوچستان سے 20 ہزار جوانوں نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ہے، سوات اور فاٹا کے عوام کی گھروں تک واپسی اور بحالی کیلئے افواج کا کردار نمایاں رہا ہے، افواج پاکستان نے دفاع وطن کے فریضے کے علاوہ فلاح و بہبود کیلئے بھی کردار ادا کیا، ہمارے سپوت قومی سلامتی کیلئے قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔
جنرل راحیل نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کیلئے ہر اقدام کی حمایت کرتی ہے، پاک فوج دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیگی، پاکستان کے استحکام کیلئے ان کا کردار ناقابل فراموش ہے، انھوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، آرمی چیف نے میڈیا کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ میڈیا کی آزادی اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتے ہیں، انھوں نے شہداء خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوش نصیب ہیں ہمارے وہ ساتھی جنھیں شہادت نصیب ہوئی، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، افواج پاکستان خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ملک کی سلامتی کو درپیش خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، بحیثیت قوم شہداء کے لواحقین کیساتھ کھڑے رہیں گے، آج کا دن پاک سرزمین کی حفاظت کیلیے تجدید عہد وفا بھی ہے، شہادت ایک عظیم رتبہ ہے، افواج جذبہ شہادت سے سرشار ہیں، ہمارا ملک انتہائی اہم مقام پر کھڑا ہے، مشکلات کے باوجود پاکستان اپنے استحکام اور خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور یہ اہم بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے فوج جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، تمام ادارے مل کر نظام کی کامیابی کیلئے کوشاں رہیں۔ جی ایچ کیو میں ملک کے خاطر جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مرکزی تقریب یوم شہداء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے، قیام امن کے لئے حکومت کی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاست کے باغی عناصر آئین پاکستان کو قبول کریں۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا پاک فوج ہر امتحان میں عوام کی امید پر پورا اتری ہے کیونکہ قومیں افواج کا حوصلہ بلند کرتی ہیں، تمام ادارے مل کر جمہوری نظام کی کامیابی کے لئے کوشاں رہیں۔
فوج جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ پاک فوج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک کو ملا دے گی، پاک فوج کسی کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام کے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ قومی ترقی میں سول سوسائٹی اور میڈیا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ تقریب میں اہم شخصیات اور شہداء کے ورثاء کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
خبر کا کوڈ : 378113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش