0
Monday 5 May 2014 01:06
چیف جسٹس 11 مئی کے دھاندلی زدہ انتخابات کو کالعدم قرار دیں

ظالمان سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، حکمرانوں کو شہداء کے خون کا سودا نہیں کرنے دینگے، صاحبزادہ حامد رضا

ظالمان سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، حکمرانوں کو شہداء کے خون کا سودا نہیں کرنے دینگے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست کے علمبردار ہیں۔ حکومت نے دفاعی اداروں کا دفاع نہ کرکے قوم کو مایوس کیا ہے۔ دفاعی اداروں پر الزام تراشی آزادئ اظہار نہیں عالمی سازش ہے۔ ملک بیرونی خطرات اور اندرونی انتشار کا شکار ہے۔ بیرونی خطرات کے مقابلہ کے لیے اندرونی اتحاد ضروری ہے۔ حکمران مریض لادوا بن چکے ہیں۔ حکومت کا فوج مخالف حلقے کی طرف جھکاؤ افسوسناک ہے۔ وزیراعظم اور ان کے وزراء فوج کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا لطف اٹھاتے ہیں۔ پاکستان دشمن عالمی قوتوں نے ہمیشہ آئی ایس آئی کو میڈیا کے ذریعے بدنام کرنے کی سازشیں کیں۔ پاکستان کے حساس ادارے ملکی ساکھ اور سلامتی کے ضامن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’عشرۂ پاک فوج کو سلام‘‘ کے آغاز پر جامعہ رضویہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مزید مہلت نہ دی جائے۔ حکومت کو ایسے ظالمان سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جن کے ہاتھ پانچ ہزار فوجی افسروں اور جوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں سے مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی ہے۔ طالبان اپنی بقاء کے لیے حکومت سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ 

صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس 11 مئی کے دھاندلی زدہ انتخابات کو کالعدم قرار دیں۔ ہر سیاسی جماعت نے 11 مئی کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کی ہے۔ جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے قوم کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دفاعی اداروں کا میڈیا ٹرائل ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ عوامی محبت کی لہر نے ملک دشمنوں کی آنکھیں کھول دی ہیں۔ حکومت مخصوص طبقات کی بجائے عوام کے مفادات کا تحفظ کرے۔ پاک فوج سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حکام اور عوام شہدائے افواج کے خون کے مقروض ہیں۔ شہداء کا لہو اتنا سستا نہیں کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر ضائع کر دیا جائے۔ حکمرانوں کو شہداء کا خون بیچنے نہیں دیں گے۔ مخالفین فوج نفرت کی علامت بن چکے ہیں اور غداران وطن کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں۔ اجتماع سے صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا ایڈووکیٹ، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، پیر میاں غلام مصطفی، مفتی محمد رمضان جامی، جاوید اقبال یوسفی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 379206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش