0
Wednesday 7 May 2014 09:24

66 سال سے ووٹ مانگے گئے، عوام کے ساتھ مکر و فریب کا کھیل کھیلا گیا، سید علی گیلانی

66 سال سے ووٹ مانگے گئے، عوام کے ساتھ مکر و فریب کا کھیل کھیلا گیا، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ تعمیر و ترقی، عزت و آبرو اور بدلاؤ کے نام پر ووٹ مانگنا ریاستی عوام کے ساتھ سراسر مکر و فریب کا کھیل ہے، کیونکہ گزشتہ 66 سال سے ووٹ مانگنے والوں نے یہاں بھارت کے قبضے کو دوام بخشنا اور کسی نے بھی ریاستی عوام کی آزادی اور فلاح و بہبود کے لئے کام نہیں کیا، علی گیلانی نے کہا کہ گزشتہ 66 سال کی تاریخ گواہ ہے کہ جن لوگوں نے ووٹ حاصل کئے، انہوں نے ہی ریاست جموں کشمیر کو بھارتی زنجیروں میں جھکڑنے کے لیے اہم رول ادا کیا اور کسی نے بھی قبضے کے خلاف آواز نہیں اٹھائی، فوج کی زیادتیوں، خواتین کی عصمت دریوں اور پوری کشمیری قوم کو جیلوں میں سڑانے پر کسی نے احتجاج نہیں کیا، 66 سال سے ریاست جموں کشمیر جہنم زار بنی ہوئی ہے، 6 لاکھ لوگوں کو جاں بحق کردیا گیا، ریاست جموں کشمیر کی آزادانہ حیثیت کو ختم کرکے غلامی کی دلدل میں پھنسایا گیا، یہاں کی زمین، دریا اور جنگلات کو کھوٹے سکوں کے عوض بھارت کو بیچا گیا اور جن لوگوں نے کشمیر کا چپہ چپہ بھارت کے پاس گروی رکھا آج ان کو تعمیر وترقی اور عزت و آبرو، سیلف رول، اٹانومی یا اندرونی خودمختاری کی پُرفریب باتیں کرنا زیب نہیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاست دان کشمیر کا انگ انگ زخمی کرنے کا بھرپور کردار نبھا چکے ہیں، ان سے زخموں پر مرہم رکھنے کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔

سید علی گیلانی کے مطابق ریاست جموں کشمیر کی جو تباہ کن صورت حال آج ہے اس کی ذمہ داری ان ہی بھارت نواز سیاست دانوں پر عائد ہوتی ہے، پوری کشمیری قوم گزشتہ 66 سال سے بالعموم اور 25 سال سے بالخصوص یرغمال ہے، یہاں کے سیاست دان کانگریس، جنتا دل اور بی جے پی کی گود میں بیٹھ کر اقتدار کے مزے اٹھاتے رہے اور کشمیری عوام کو بھارتی مفادات کے لیے کچلنے میں ہر اول دستے کے طور پر کام کرتے رہے اور جموں کشمیر کے عوام کو دھوکا دینے کیلئے کشمیریت کا مقامی مکھوٹا چہروں پر چڑھاکر ان لوگوں نے بھارت کی فرقہ پرستانہ پالیسی کو تکمیل تک پہنچانے کا کردار خوب نبھایا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوج اور حکومت کشمیر میں غارت گری کا کھیل کھیل رہی ہے، پھانسیاں، ظلم وتشدد، ٹارچر اور گرفتاریاں کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہیں، کیونکہ یہ سارا ظلم و تشدد بھارت نے کشمیریت کا مکھوٹا پہننے والے کلہاڑی کے دستوں سے انجام دلوایا، بھارت ہم سے ہماری زمین و جائیداد، آبی وسائل، بجلی، عزت، آبرو، جانیں، کلچر، تہذیب، تمدن، اخلاق چھین رہا ہے، ہمارے نام نہاد حکمران بھارت کے ظالم ہاتھوں کو روکنے کے بجائے ان سے کمیشن وصول کرکے ریاست پر بھارتی قبضے کو مضبوط کرتے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 379957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش