0
Sunday 11 May 2014 08:06

حکمران عوام کو اپنا غلام اور ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک

حکمران عوام کو اپنا غلام اور ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کی ہونے والی ریلی کو روکنے اور سبوتاژ کرنے کے لئے حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ریلی کی باقاعدہ اجازت دی اور دوسری جانب راولپنڈی شہر کے عوام کو اور مضافات سے آنے والے کارکنان اور عوام کو ریلی میں شرکت سے روکنے کے لئے بس اڈوں کو سیل کر دیا گیا، بک کی گئی بسوں کو ا ڈوں کے اندر بند کر دیا گیا، بکنگ واپس کروا دی گئی اور ٹرانسپورٹرز کو گاڑی دینے کی صورت میں سخت نتائج کی دھمکیا ں دی جارہی ہیں۔ تاکہ ریلی کو ناکام بنایا جا سکے۔

ان خیالات کااظہار عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے ضلعی آفس چاندنی چوک میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احمد نواز انجم، ساجد بھٹی، ملک افضل، چوہدری عرفان یوسف، شعیب طاہر، غلام علی خان، حیدر علوی، ملک طاہر جاوید، اور دیگر قائدئن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے اسے پر امن ہی رہنے دیا جائے۔ حکمران ڈاکٹر طاہر القادری کے نام سے خوف زدہ ہوکر ہواس باختہ ہوچکے ہیں۔ اگر کارکنان کو روکا گیا ان کے راستے سے رکاوٹیں نہ ہٹائی گئیں تو نتائج کی تمام تر ذمہ دار حکومت اور راولپنڈی کی انتظامیہ ہوگی۔

آج ریلی میں اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اس کے ذمہ دار وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی وزیر داخلہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو اپنا غلام سمجھتے ہیں اور ملک کو اتفاق فونڈری کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ وہ تمام تر حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، وہ نہ پیچھے ہٹیں گے، نہ رکیں گے، نہ جھکیں گے۔ عوام ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر اس ظلم کے نظام سے ٹکرانے کے لئے نکل رہے ہیں، کرپشن کے نظام کو زمین بوس کرنے کے لئے نکل رہے ہیں۔ پولیس عوامی تحریک کی ریلی میں رکاوٹ نہ بنے، عوامی تحریک ان کے بچوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ حکمران ملک میں فرعون کا نظام چاہتے ہیں عوام ثابت کر دیں گے کہ وہ اس ملک میں عدل کا نظام چاہتے ہیں، ملک میں خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 381350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش