0
Saturday 31 May 2014 19:13

اسلامی انقلاب کے لئے اقدامی پیش رفت کرنا ہو گی، رخسانہ جبین

اسلامی انقلاب کے لئے اقدامی پیش رفت کرنا ہو گی، رخسانہ جبین
اسلام ٹائمز۔ قیمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان ڈاکٹر رخسانہ جبین نے لاہور میں مرکزی اجلاس برائے جائزہ کارکردگی شعبہ جات کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی تحریکوں کے لئے دعوت اسلامی کے میدان میں نئے تجربات اسلامی انقلاب کی طرف پیشرفت میں معاون ثابت ہوتے ہیں، دفاعی اقدام و منصوبوں کے بجائے اقدامی پیش قدمی پر توجہ دینا ہر دور میں اسلامی تحریک کی اوّلین ضرورت رہی ہے۔ مغرب کی ملحدانہ تہذیب، اسلامی افکار و تہذیب، معاشرہ کی بنیادی اکائی،گھر اور مسلم خاتون پر اپنے مذموم ایجنڈوں کے ساتھ نقب لگائے ہوئے ہے۔ اسلامی تہذیب، عورت کے جائز حقوق، وقار و تقدس اور اسلام کے بخشے ہوئے مقام کا تحفظ کرنا ہو گا۔

انہوں نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن اسلام کا روشن چہرہ نمایاں کرنا اور اس کے نور سے دنیا کو منوّر کرنا ہے۔ جس کے لئے تمام شعبہ جات کو اپنی جملہ صلاحیتوں و وسائل کے ساتھ اپنی رفتار کار بڑھانی ہو گی۔ انہوں نے امت مسلمہ کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امت کے لئے انتشار و زوال سے نکلنے کا راستہ رجوع الی اللہ اور اتحاد بین المسلمین میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت داعی دین ہمیں اپنے اہداف کے حصول کے لیے اپنے اندر موجود ایمانی اور اخلاقی کمزوریوں کو نکالنا ہو گا۔ رخسانہ جبین نے کہا کہ اپنی کمزوریوں کو انتشار کا باعث نہ بننے دیا جائے، دلوں میں گنجائش اور مخاطبین کی کمزوریوں کو خندہ پیشانی سے برداشت کریں۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامیں اور دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے لئے اسلامی انقلاب کا بہترین نقیب بن کر عملی مثال قائم کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹیریز دردانہ صدیقی، حمیرا طارق اور کوثر مسعود، ناظمہ صوبہ سندھ افشاں نوید، ناظمہ صوبہ بلوچستان ثمینہ سعید اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 388101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش