0
Monday 23 Jun 2014 00:11

وفاقی حکومت آئی ڈی پیز کیلئے 6 ارب روپے خیبرپختونخوا کو جاری کرے

وفاقی حکومت آئی ڈی پیز کیلئے 6 ارب روپے خیبرپختونخوا کو جاری کرے
اسلام ٹائمز۔ عمران خان نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ڈی پیز کے لئے چھ ارب روپے خیبرپختونخوا حکومت کو فراہم کرے، سندھ اور پنجاب متاثرین کو داخلے سے نہ روکیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج بنوں کا دورہ کیا ہے، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے شمالی وزیرستان سے لوگ پیدل آ رہے ہیں اب تک ساڑھے تین لاکھ لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں، چھ لاکھ کے قریب آئی ڈی پیز آئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اگر آپریشن شروع کرنا تھا تو پہلے ہمیں اعتماد میں لیتے۔ انہوں نے کہا نقل مکانی کرنے والے زیادہ تر لوگ بنوں میں ہیں اور لوگ کیمپ میں نہیں جا رہے بلکہ اپنے رشتہ داروں کے پاس جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا متاثرین کے نکلنے تک ابھی آپریشن کو روکنا چاہیئے کیونکہ ابھی بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے کہا عمران خان فاؤنڈیشن تبدیلی رضا کار متاثرہ علاقوں میں مدد کیلئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ آئی ڈی پیز کے لئے چھ ارب روپے خیبر پختونخوا حکومت کو فراہم کرے کیونکہ حکومت نے ایک خاندان کو صرف 7 ہزار دینا ہے آئی ڈی پیز 7 ہزار میں کیسے گزارہ کریں گے۔ انہوں نے کہا سندھ اور پنجاب آئی ڈی پیز کو آنے سے نہ روکے۔ ان کا مزید کہنا تھا سانحے کیلئے ابھی سے پلاننگ کرنا ہو گی وزیراعظم اپنے بیرون ملک کے دورے ختم کریں ۔

عمران خان نے کہا خیبرپختونخوا کے تمام شہر آئی ڈی پیز کیلئے کھلے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا پنجاب حکومت خوف کیوجہ سے عوامی تحریک کے کارکنوں کو پکڑ رہی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 83 کارکنوں کو گولیاں لگیں، ڈکٹیٹرشپ میں بھی ایسا نہیں ہوتا۔ شہباز شریف کے پاس اب رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، رانا ثناءاللہ کو جیل میں ڈالنا چاہیئے۔ نواز شریف اب ڈکٹیٹروں والی حرکتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 2013ء کے الیکشن میں بھی پولیس کو استعمال کیا گیا، ڈی پی او مظفرگڑھ بھی (ن) لیگ کیلئے ووٹ مانگ رہا تھا جس کی آڈیو ہم نے سنائی تھی۔ 1992ء میں بھی نواز شریف دور میں پولیس میں گلو بٹ جیسے لوگوں کو بھرتی کیا گیا تھا۔ عمران خان نے کہا عوامی تحریک کیساتھ کوئی الائنس نہیں عوامی تحریک اور (ق) لیگ نے اپنا ایک ایجنڈا دیا ہے، ہمارا ایجنڈا دھاندلی کیخلاف ہے، ہم دھاندلی کیخلاف ایک سال سے آواز اٹھا رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت کسی بڑے سانحہ سے بچنا چاہتی ہے تو فوری طور پر خیبر پختونخوا کی حکومت کو چھ ارب روپے جاری کرے تاکہ متاثرین شمالی وزیرستان کی دیکھ بھال کی جا سکے۔ عمران خان نے ان خیالات کا اظہار بنوں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپریشن سے قبل خیبر پختونخوا کی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو ہمیں بھی تیاری کا موقع مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک متاثرہ خاندان کے لئے سات ہزار روپے کی امداد ناکافی ہے۔ اس لئے فی خاندان کو 21 ہزار روپے امداد ملنی چاہیئے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کو روکنا انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بکا خیل کی بجائے بندوبستی علاقہ میں کیمپ قائم ہونا چاہیئے تھا۔ نقل مکانی کرنے والے غصہ میں ہیں کیوں کہ ان کے حالات بہت مخدوش ہیں۔ بنوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بنوں میں متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا بکا خیل میں قائم کردہ کیمپ خالی پڑا ہے۔
خبر کا کوڈ : 394283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش