0
Sunday 29 Jun 2014 01:23
اے پی سی میں شریک ہوں گے

طالبان کے خلاف آپریشن قوم کے دل کی آواز ہے، معصوم نقوی

طالبان کے خلاف آپریشن قوم کے دل کی آواز ہے، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ معصوم حسین نقوی نے طالبان دہشت گردوں کے خلاف وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی اس کارروائی سے چیخیں نکل گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ہونے والی استقبال رمضان المبارک و حمایت ضرب عضب کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ الحاج پیر شہزادہ جان، مصطفی اشرف رضوی، غلام رسول اویسی،ڈاکٹر امجد حسین چشتی، محی الدین محبوب کاظمی، اختر رسول قادری، دیوان عثمان فرید چشتی، نفیس الحسن شاہ بخاری، جان مصطفی حقانی، محسن رضا شاہ بخاری، عرفان قادری، رضا حیدر شاہ، مفتی لیاقت علی صدیقی، تبسم بشیر اویسی، سیف الرحمان اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستان نظام مصطفی کے قیام کے لئے تشکیل پایا تھا تاکہ یہاں اسلام کا عادلانہ نظام قائم ہو۔ مگر یہاں سول اور فوجی حکومتوں نے جمہوریت کا مذاق اڑایا۔ عوامی خواہشات کے برعکس بیرونی آقاوں کو خوش کرنے کے لئے ملک کے معتدل چہرے کو مسخ کیا گیا اور انتہا پسندی کی سرپرستی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان پاکستان کے لئے نحوست بن کر آئے، غنڈوں اور جرائم پیشہ عناصر پر مشتمل نجی عسکری جتھوں نے اسلام کے امن پسند چہرے کو داغدار کرنے کی سازش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن قوم کے دل کی آواز ہے۔ مگر افسوس اس بات کا ہے کہ مذاکرات کے نام پر مسلم لیگ ن کی حکومت نے آٹھ ماہ ضائع کر دیئے۔ جس سے اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو مضبوط ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن سے پوری قوم خوش ہے۔ تکلیف صرف اندرونی اور بیرونی ملک دشمنو ں کو ہے۔ جن میں امریکہ، اسرائیل، بھارت اور خارجی شامل ہیں مگر اب بہادر افواج پاکستان طالبان دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے چھوڑیں گی۔

انہوں نے جے یو پی نیازی کے کارکنوں اور قوم کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آپریشن سے متاثرہ قبائلی بھائیوں کی انصاران مدینہ کے جذبے سے خدمت کریں۔ ان کے لئے قائم فوجی، سرکاری اور اچھی شہرت رکھنے والی فلاحی تنظیموں کی طرف سے قائم امدادی کیمپوں میں حسب توفیق ادویات اور اشیائے ضروریہ جمع کروائیں۔ جے یو پی نیازی کے سربرا ہ نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ انسان کو بخشش کا ایک اور موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض بھوکا پیاسا رہنے سے نہیں، روزے کی قبولیت کا دارو مدار نیت اور حرام اعمال سے بچنے سے ہے۔ دریں اثنا میڈیا سیل کے مطابق جے یو پی نیا زی نے پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ پیر معصوم حسین نقوی اور ڈاکٹر امجد چشتی آج اے پی سی میں شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 395972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش