0
Friday 11 Jul 2014 23:07

جماعت اہلسنّت نے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کیخلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت اسرائیل‘‘ منایا

جماعت اہلسنّت نے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کیخلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت اسرائیل‘‘ منایا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیراہتمام نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت اسرائیل‘‘ منایا گیا اور علمائے اہلسنّت نے ملک بھر میں خطباتِ جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ اس سلسلہ میں جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کا تجارتی و سفارتی بائیکاٹ کریں۔ اسرائیل نے روزہ دار نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کر کے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری پر عالمی امن کے ٹھیکیدار کیوں خاموش ہیں۔ بچوں اور خواتین پر بمباری کرنے والوں نے انسانیت کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں۔ اسرائیلی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے شاہی عید گاہ ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ فلسطین کے مسئلے پر عالمی ضمیر کب جاگے گا۔ جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے جامعہ مسجد غوثیہ بندروڈ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیانِ عالم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ مسلم حکمران فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف زوردار آواز اٹھائیں۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ یومِ مذمت اسرائیل کے موقع پر کراچی میں علامہ شاہ تراب الحق قادری، منڈی بہاؤ الدین میں پیر سیّد خضر حسین شاہ، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، میاں چنوں میں علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، راولپنڈی میں صاحبزادہ محمد عثمان غنی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد حنیف چشتی، ایبٹ آباد میں علامہ بشیرالقادری، پیرپور میں پیر سیّد غلام یٰسین شاہ نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 398879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش