0
Tuesday 26 Aug 2014 01:45

مڈٹرم الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی تیار ہے، آصف زرداری

مڈٹرم الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی تیار ہے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مڈٹرم الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی تیار ہے، مسائل کا حل بات چیت سے نکلنا چاہئے، بی بی شہید نے مفاہمت کا مشورہ دیا تھا یہی مشورہ نواز شریف کو دیا ہے، کسی صورت جمہوریت کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیں گے، تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے قمر زمان کائرہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ آصف زرداری نے نواز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق پارٹی کو آگاہ کیا۔ آصف زرادری کا کہنا تھا کہ موجودہ مسائل کا حل بات چیت سے نکلنا چاہیے، ہر حال میں جمہوریت کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے مفاہمت کا مشورہ دیا تھا یہی مشورہ نواز شریف کو دیا ہے۔
 
آصف زرداری نے کہا کہ اب ایمپائر کی انگلی نہیں اٹھے گی، بار بار غلط اپیل کرنے سے کھلاڑی پر جرمانہ بھی ہو سکتا ہے لیکن اگر مڈٹرم الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی تیار ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو غیر جمہوری رویوں اور ڈیڈلاک سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو نہیں جمہوریت کو بچانے کےحق میں ہیں، پاکستان میں تھرڈ امپائر کا راستہ بند ہو چکا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ جو اچھا کھیلے گا عوام اس کے ساتھ ہوں گے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کسی صورت جمہوریت کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیں گے۔ تحریک انصاف سے مذاکرات کے لئے آصف زرداری نے قمر زمان کائرہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 406662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش