0
Saturday 30 Aug 2014 21:45

خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر پرامن عوامی انقلاب لائیں گے، صاحبزادہ حامدرضا

خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر پرامن عوامی انقلاب لائیں گے، صاحبزادہ حامدرضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ 24 گھنٹوں میں انقلاب مارچ کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دے سکتے ہیں۔ ملک جام کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ وزیراعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو ملک بھر میں عوامی کرفیو لگانے پر مجبور ہوں گے۔ حکومت نے فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر کے ملک سے غداری کی ہے۔ آئی ایس پی آر کی وضاحت کے بعد وزیراعظم کا جھوٹ ثابت ہو گیا ہے اس لیے اب وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ حکمرانوں پر بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ طاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر پرامن عوامی انقلاب لائیں گے۔ حکومت بند گلی میں پہنچ گئی ہے۔ انقلابی دھرنے کے شرکاء کے عزم و حوصلے نے حکومت کو پسپائی اور رسوائی کی علامت بنا دیا ہے۔ حکومت کے اتحادی جمہوریت کے نام پر کرپشن کا نظام بچانا چاہتے ہیں۔ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر قاتل حکمرانوں کے گلے کا پھندا ثابت ہو گی۔ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شریف برادران نے ماضی کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر کو غیرمؤثر بنانے کی حکومتی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت ہٹاؤ ملک بچاؤ تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔ جمہوری سسٹم پر مافیا کی اجارہ داری ہے۔ انقلابی دھرنے کے شرکاء پوری قوم کے جذبوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں لاکھوں افراد کا مسلسل 15 روز سے دھرنا دینا ملکی سیاست و تاریخ کا اہم واقعہ ہے۔ انقلابی دھرنے نے سیاست کے دھاروں کا رُخ موڑ دیا ہے۔ بے رحم احتساب کے بغیر ملک بچایا اور چلایا نہیں جا سکتا۔ ملک اس وقت آئی سی یو میں ہے۔ حکمران بدانتظامی اور بدنامی کی علامت بن چکے ہیں۔ خاندان کے ذریعے کاروبار چلایا جا سکتا ہے، حکومت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو پوری قوم سڑکوں پر نکل آئے گی۔ اجلاس میں سیّد جوادالحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، صاحبزادہ حسن رضا، میاں فہیم اختر، مفتی محمد حسیب قادری، ارشد مصطفائی، صاحبزادہ مطلوب رضا، پیر میاں غلام مصطفی، مولانا وزیرالقادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، حاجی رانا شرافت علی قادری، شیخ محمد ذوالفقار رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 407421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش