0
Thursday 11 Sep 2014 07:22
شام اور عراق میں موجود دہشتگرد مشرق وسطٰی اور امریکہ کیلئے بڑا خطرہ ہیں

کوئی مذہب بیگناہوں کو قتل کرنیکی اجازت نہیں دیتا، داعش کا مقصد صرف خون بہانا ہے، اوباما

کوئی مذہب بیگناہوں کو قتل کرنیکی اجازت نہیں دیتا، داعش کا مقصد صرف خون بہانا ہے، اوباما
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر بارک اوبامہ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ شام اور عرق میں شدت پسند جہادی تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ نائن الیون کے واقعہ کو تیرہ برس مکمل ہونے پر بدھ کی شب اپنے خطاب میں امریکی صدر نے خبردار کیا کہ آئی ایس آئی ایس کے جنگجو جہاں کہیں بھی ہوں گے ان کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق اور شام میں یہ شدت پسند تنظیمیں اسلامی اصولوں کے خلاف کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "امریکہ کو دھمکیاں دینے والوں کو کہیں پناہ لینے کی جگہ نہیں ملے گی۔" اپنے خطاب میں امریکی صدر نے شام اور عراق میں موجود دہشت گردوں کو مشرق وسطٰی اور امریکہ کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ اوبامہ کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی ایس کے خلاف امریکی جنگی طیارے زمین پر موجود اتحادیوں کی بھرپور مدد کریں گے، جبکہ عرب اور مغربی افواج زمینی حملے کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کے شدت پسندوں نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ شدت پسندوں کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں اور اسلام سمیت کوئی بھی مذہب بے گناہوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ شام اور عراق میں مقامی فورسز کی مدد کے لیے خصوصی افواج بھیجے گا۔ اوباما نے کہا کہ امریکہ شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ کو بھی نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرے گا، جس اس وقت وہاں اپنا مضبوط گڑھ بنا لیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ جو نفرت اور دہشتگردی پھیلائیں گے انہیں صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ امریکہ داعش کے خلاف وسیع تر اتحاد کی سربراہی کرے گے۔ واشنگٹن میں امریکہ پر نائن الیون حملوں کی تیرھویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر براک اوباما نے داعش کے خلاف کارروائی کے آغاز کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا داعش کے خلاف مہم میں امریکی فضائیہ اتحادیوں کی مدد کرے گی۔ امریکی زمینی فوج نہیں لڑے گی۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی مہم کا مقصد داعش کو کمزور کرنا اور اسے مکمل ختم کرنا ہے۔ داعش اسلامی اصولوں کے خلاف ہے۔ کوئی مذہب بے گناہوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ داعش کا کوئی نظریہ نہیں، انکا مقصد صرف خون بہانا ہے۔ اوباما کا کہنا تھا جو امریکہ کے لئے خطرہ ہو گا اسے زمین پر کوئی محفوظ جگہ نہیں ملے گی۔ صدر اوباما نے داعش کے خلاف لڑنے کے لئے کانگریس سے مزید اختیارات دینے کی اپیل بھی کی ہے۔

ادھر صدر اوباما کے خطاب سے کچھ گھنٹے پہلے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے عراق میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ دنیا دولتِ اسلامیہ کی "بُرائی" کو پھیلتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی۔ جان کیری نے مشرق وسطٰی کے دورے میں کہا کہ دولتِ اسلامیہ عراقی عوام کو درپیش اب سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ واضح رہے کہ اس شدت پسند تنظیم کے اراکین نے حال ہی میں دو امریکی صحافیوں کے سر قلم کئے تھے۔ اس قبل گذشتہ ہفتے بھی امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نیٹو کے اتحادی عراق میں دولت اسلامیہ کو شکست دینے کے لیے امریکہ کے ساتھ پر آمادہ ہیں۔ خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ پہلے ہی دولت اسلامیہ کو متعدد حملوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔ تین روز قبل بھی امریکی جنگی طیاروں نے عراق میں دولت اسلامیہ پر چار فضائی حملے کئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 409142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش