0
Friday 12 Sep 2014 23:39
افتخار چوہدری پاکستانی جمہوریت کے میر جعفر ہیں

ہمیں کسی دہشتگرد سے نہیں نواز شریف کی دہشتگردی سے خطرہ ہے، عمران خان

پرامن انقلاب کا راستہ روکا گیا تو پھر خونی انقلاب کا راستہ کھل جائیگا
ہمیں کسی دہشتگرد سے نہیں نواز شریف کی دہشتگردی سے خطرہ ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے فوج کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ میرے ساتھ عوام کی فوج کھڑی ہے جبکہ نواز شریف خود آمریت کی پیداوار ہیں اور اب وہ اپنی ہی فوج کو بدنام کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کی دھاندلی میں افتخار چوہدری ملوث تھے اور ان کا اس میں سب سے بڑا ہاتھ ہے، وہ پاکستان میں جمہوریت کے میر جعفر ہیں جبکہ پرویز مشرف نے افتخار چوہدری کو ہٹایا تو ہم عدلیہ کی آزادی کے لیے باہر نکلے، اپنی جماعت کو عدلیہ کی آزادی کے لیے کھڑا کرنے اور آزاد عدلیہ کے لیے جیل کاٹنے پر بھی فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چیف جسٹس سے دھاندلی پر از خود نوٹس لینے کا کہا تو انہوں نے نظریں نیچے کرلیں لیکن چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ قوم کو انصاف دیں، اگر عدلیہ ہمیں انصاف نہیں دے گی تو کون دے گا، جس ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہو تو ملک بھی آزاد نہیں ہوسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ قوم نے آزاد عدلیہ کے لئے جدوجہد کی ہے، چیف جسٹس مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، اگر وہ عوام کی مدد نہیں کریں گے تو جس طرح کا ظلم اور ناانصافی ملک میں ہو رہی ہے تو عوام کے ہاتھ حکمرانوں کی گریبانوں پر جائیں گے اور یہ بندوق اٹھا کر اپنے حقوق کے لیے لڑیں گے، عدلیہ پر اعتماد تھا لیکن انصاف نہ ملنے پر مایوسی ہوئی، جس کے باعث پاکستان کی عدلیہ سے بہت تکلیف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو کس قانون کے تحت جیل میں ڈالا جا رہا ہے، ہم انصاف کے لیے نکلتے ہیں تو ریاست ہم پر دہشت گردی کرتی ہے، اب چیف جسٹس بتائیں کہ قوم انصاف ڈھونڈنے کے لیے کہاں جائیں، جبکہ جس طرح کا پرامن احتجاج ہم نے کیا دنیا بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی، لیکن اس کے باوجود ہم پر ظلم کیا گیا، اگر پرامن انقلاب کا راستہ روکا گیا تو پھر خونی انقلاب کا راستہ کھل جائے گا، عوام پر جس طرح اس جمہوریت میں گولیاں چلائی گئیں، اس طرح تو پرویز مشرف نے بھی عوام پر گولیاں نہیں چلائیں، اگر یہ جمہوریت ہے تو نواز شریف کی جمہوریت سے بہتر پرویز مشرف کی آمریت تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈرایا جا رہا ہے کہ دھرنے پر خودکش حملہ ہونے والا ہے، حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ جتنے حملہ آور بھیجنا ہیں بھیج دیں، جب موت آنی ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا جبکہ ہمیں کسی دہشت گرد سے نہیں نواز شریف کی دہشت گردی سے خطرہ ہے، نواز شریف آمریت کی پیداوار ہیں، وہ اپنی فوج کو بدنام کر رہے ہیں، اگر ہم یہ سب فوج کی وجہ سے کرتے تو عوام 31 روز تک اس طرح کیسے سڑکوں پر آسکتی تھی، لیکن مجھے فوج کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ میرے ساتھ عوام کی فوج کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک بڑے مگر مچھوں کی دکانداری ختم کرنے، پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے اور حقیقی جمہوریت کے لئے ہے، کیونکہ حقیقی جمہوریت ہی عوام کے مستقبل کو بچا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 409393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش