0
Sunday 28 Sep 2014 20:51

ہنگو، آئی ڈی پیز کیمپ میں دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ہنگو، آئی ڈی پیز کیمپ میں دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ ہنگو میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آںے والوں کے متاثرین کے کیمپ میں دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ ہنگو میں محمد خواجہ متاثرین کیمپ میں واقع بازار میں ہوا جہاں اوکرزئی ایجنسی کے متاثرین رہائش پذیر ہیں۔ ہنگو کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس فلک نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ آئی ای ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ ڈی پی او ہنگو انور سعید کنڈی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ ہسپتال ذرائع نے اب تک سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ہنگو میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہنگو میں معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد جانتے ہیں کہ وہ آپریشن ضرب عضب میں جنگ ہار رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کردیا گیا ہے اور آپریشن ضرب عضب تسلسل کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے۔ حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج کی جانب سے 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب شروع کیا گیا۔ آپریشن کے باعث شمالی وزیرستان اور اس کے اطراف کی ایجنسیوں سے لاکھوں افراد نے نقل مکانی کی جن میں سے اکثر نے ہنگو میں رہائش اختیار کی جبکہ کچھ افغانستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں چلے گئے تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ہنگو میں متاثرین اورکزئی کے کیمپ میں دھماکے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہنگو کے علاقے طوغ سرائے میں قائم متاثرین اورکزئی ایجنسی کے کیمپ میں بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے اور کیمپ میں ہر طرف بھگدڑ مچ گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں 3 سے 5 سال بتائی جاتی ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہنگو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 412118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش