0
Friday 3 Oct 2014 23:22
جماعت اسلامی جمہوریت کے استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گی، سراج الحق

سیاسی جماعتوں کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی کیونکہ دنیا بدل رہی ہے، آصف علی زرداری

سیاسی جماعتوں کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی کیونکہ دنیا بدل رہی ہے، آصف علی زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف زرداری آج جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ پہنچے جہاں ان کی سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ پڑوس والے اتنے مضبوط ہوگئے ہیں کہ پہلے کبھی نہیں تھے، سیاسی جماعتوں کی جنگ میں ایسا نہ ہو کہ کوئی شیطان پاکستان کو نقصان پہنچا دے، پاکستان کو بنانا ہےتو تمام قوتوں کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چالیس روز کے دوران دوسری مرتبہ لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ پہنچے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گلے لگا کر انہیں خوش آمدید کہا۔ سابق وزیراعظم گیلانی اور امین فہیم بھی سابق صدر زرداری کے ساتھ تھے۔ سابق صدر نے یہ بھی بتایا کہ سراج الحق سے ان کے رابطے پرانے ہیں۔ سابق صدر نے تسلیم کیا کہ عمران خان نے کامیاب جلسے کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا تبدیل ہو رہی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ اقتدار کی جنگ میں پاکستان کا نقصان ہو جائے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی دو پرانی نظریاتی حریف جماعتیں ہیں، ان دو جماعتوں کی قربت کو سیاسی مبصرین بڑی دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک میں جاری سیاسی تعطل کو مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ آصف زرداری کے ہمراہ مخدوم امین فہیم، منظور وٹو، قمر زمان کائرہ اور یوسف رضا گیلانی جبکہ سراج الحق کے ساتھ فرید پراچہ ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایجنڈہ مسائل کا حل اور ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ ملانا ہے، سیاسی جماعتوں کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی کیونکہ دنیا بدل رہی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ کچھ لوگ خاندانی سیاست کے الزامات لگاتے ہیں ان کو شکر ادا کرنا چاہیئے کہ سکیورٹی رسک کے باوجود ہمارے بچے سیاست میں آنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کا چیئرمین صرف 27 سال کا ہے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کو سب نے مل کر بنانا ہے یہ کام اکیلے نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بجلی کا بل بڑھتا ہے تو عوامی ردعمل سامنے آتا ہے، مستقبل میں پاکستان کو 50 سے 60ہزار میگاواٹ بجلی کی ضرورت پڑے گی، سندھ میں صرف ہوا سے 40ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، جماعت اسلامی جمہوریت کے استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں نئی روایت ڈالی جا رہی ہے، دونوں پارٹیوں کی خواہش ہے کہ سیاسی جماعتوں میں رابطہ ہو اور عام آدمی کی مشکلات کے بارے میں سوچا جائے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین ایک زنجیر ہے جس نے چاروں صوبوں کو جوڑ رکھا ہے اور اسی آئین کو بچانا ہے، جمہوریت ایک نعمت ہے، اس نعمت کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچ رہا، ماضی کی سیاست چھوڑ کر نئے سیاسی جمہوری کلچر کو اپنانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 413078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش