0
Saturday 22 Nov 2014 19:29

جو کام اٹل بہاری واجپائی نے شروع کیا اسے پورا کروں گا، نریندر مودی

جو کام اٹل بہاری واجپائی نے شروع کیا اسے پورا کروں گا، نریندر مودی
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ادھورے مشن کو پورا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آج واضح الفاظ میں کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور خوشحالی لانے کے لیے خاندانی راج کا خاتمہ کیا جائے گا کیونکہ ریاستی عوام کو گزشتہ 50 برسوں کے دوران پریشانیوں اور مصیبتوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا تاہم میری سرکار نہ صرف وادی میں سیاحت کو عالمی سطح پر لائے گی بلکہ بے روزگار نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقعے فراہم کئے جائیں گے جب کہ حالیہ سیلاب سے ہوئی تباہی کے بعد کشمیر کو پھر سے مزید خوبصورت بنانے کے لیے تعمیر و ترقی کا کام ہاتھ میں لیا جائے گا اور اس سلسلے میں ریاستی عوام کو ہریانہ کی طرح خاندانی سیاست کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کشتواڑ میں آج ایک بھاری چناؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے نریندر مودی نے کسی پارٹی کا نام لیے بغیر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 50 برسوں کے دوران ریاست کو بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا جس کے نتیجے میں سیاحتی ریاست ہونے کے باوجود کشمیر ترقی میں کافی پیچھے رہا، انہوں نے کہا کہ ریاست میں دو خاندان بھاری بھاری سے سمجھوتے کے لیے راج کرتے ہیں تاہم اب ایسا نہیں چلے گا۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ مجھے کشمیر سے دلی لگاؤ ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ گزشتہ چار مہینوں سے لگاتار ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جولائی، اگست، ستمبر، اکتوبر اور اب نومبر میں ریاست کا دورہ کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ لوگوں کو بی جے پی کے حق میں ووٹ استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ جو کام اٹل بہاری واجپائی نے شروع کیا تھا اسے وہ پورا کریں گے اور یہ ان کی دلی خواہش ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ واجپائی کے وہ الفاظ جس میں انہوں نے جمہوریت انسانیت اور کشمیریت کا ذکر کیا ہے کافی معنی رکھتے ہیں، انہوں نے کشمیریوں خاص کر نوجوانوں میں ایک نئی امید جگائی تھی اور ہر ایک کو لگا تھا کہ ان کا نیا خواب پورا ہونے والا ہے مگر حیرانی کا مقام ہے کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران کشمیر کا کیا حال ہوا سب دیکھ رہے ہیں، دو سیاسی جماعتیں سمجھوتے کے تحت اس طرح بھاری بھاری حکومت کر رہی ہیں کہ جیسے ٹھیکہ لیا ہو، پہلے ایک پانچ چھ سال لوٹتا ہے تو پھر دوسرا اس طرح ریاست کو تباہ کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ روایتی تاج پوشی کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی راہوں کی تلاش میں میری سرکار ہے تاکہ ریاستی عوام کو خوشحال، تعمیر و ترقی اور امن فراہم کیا جائے، نریندر مودی نے کہا کہ ریاستی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا کیونکہ ان کا ہمیشہ مختلف نعروں سے استحصال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ہے، جب کہ حالیہ سیلاب سے وادی کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا تاہم میں وادی کو پھر سے بسانے کا عزم دہراتا ہوں اور دنیا کو دعوت دیتا ہوں کہ خوبصورت وادی کو پھر سے بسانا ہے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کا نام لیکر ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا ہوں جو اس موقعہ پر موزوں نہ ہو بلکہ میرا مقصد ریاست کی ترقی اور بس ترقی ہے، جلسے سے بھارتی وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی خطاب کیا اور اس موقعہ پر پارٹی کے دوسرے اعلیٰ لیڈر بھی موجود تھے، جب کہ سیکورٹی انتہائی کڑے انتطامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 420876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش