0
Monday 8 Dec 2014 20:03

ڈھونگ انتخابات نے مودی حکومت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، وسیم اختر

ڈھونگ انتخابات نے مودی حکومت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملہ کا ذمہ دار ٹھہرانا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔ حالانکہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خود ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کی دشمنی میں اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے۔ کسی قسم کا کوئی بھی واقعہ ہو جائے تو اس کا الزام پاکستان پر لگانا بھارتی سرکار اور ذرائع ابلاغ کا وطیرہ بن چکا ہے۔ منصوہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بھرپور انداز میں مذمت کرتا ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کرنا کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا ایک طرف مذاکرات کی بات کرتا ہے تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھارہا ہے۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 20 ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی، ہزاروں بچوں کو یتیم اور لاکھوں افراد کو ناحق لقمہ اجل بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماورائے آئین وقانون لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈھونگ انتخابات نے مودی حکومت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ انڈین حکومت کشمیر میں خود دہشت گردی کو ہوادے رہی ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر اس سارے معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائے۔ دنیا کو باور کرایا جائے کہ ہندوستان ''بغل میں چھری اور منہ میں رام رام'' کی پالیسی پر گامزن ہے۔ جب تک کشمیر سے بھارتی فوجیوں کا مکمل انخلا، بلوچستان میں مداخلت اور آبی جارحت ہندوستان کی طرف سے بند نہیں کردی جاتی جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
خبر کا کوڈ : 424093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش