0
Friday 12 Dec 2014 23:15

حکومت نےعدالتی کمیشن جلد نہ بنایا تو 18 دسمبر کو پورا ملک بند ہوگا، عمران خان

حکومت نےعدالتی کمیشن جلد نہ بنایا تو 18 دسمبر کو پورا ملک بند ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ نئے پاکستان کی اپنی منزل کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، حکومت نے عدالتی کمیشن جلد نہ بنایا تو اٹھارہ دسمبر کو پورا ملک بند ہوگا، ہمارا پلان ڈی حکومت کیلئے خطرناک اور عوام کیلئے فائدہ مند ہوگا، اسلام آباد میں آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سارا کراچی بند رہا، پرامن احتجاج پر کراچی والوں کا مشکور ہوں، شہر قائد والوں نے اپنی مرضی سے دکانیں بند کیں اور نئے پاکستان کیلئے ایک دن کی قربانی دی، ان کا کہنا تھا کہ وہ تشدد پر یقین نہیں رکھتے، تحریک انصاف پرامن جماعت ہے، کراچی اس لئے پرامن رہا کہ وہاں پر گلوبٹ نہیں تھے، عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پنجاب کا سب سے بڑا گلوبٹ ہے، فیصل آباد سازش کو کل پریس کانفرنس میں بےنقاب کریں گے، پولیس کی گاڑیوں میں بیٹھے گلو بٹوں نے ہمارے کارکنوں پر پتھرائو کیا، ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے غنڈوں نے فیصل آباد کے احتجاج کو پرامن نہیں رہنے دیا، فیصل آباد میں ہماری خواتین کارکنوں سے بدتمیزی کی گئی، تحریک انصاف کو اگر تشدد کرنا ہوتا تو کراچی میں کرتی۔

عمران خان نے کہا کہ پیر کو لاہور جا رہا ہوں، نوازشریف اپنے گلوبٹ سامنے لائے مقابلہ کریں گے، سب جانتے ہیں تحریک انصاف کے جلسوں میں تشدد نہیں ہوتا، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جعلی جمہوریت ہے، چند خاندانوں نے لوٹ مار کا نام جمہوریت رکھ لیا ہے، مغرب میں اقتدار میں آکر کوئی کاروبار نہیں کرسکتا، انہوں نے کہاکہ دھاندلی کا احتساب نہ ہوا تو نہ کینٹینرسے جائوں گا اور نہ ہی احتجاج ختم ہوگا، خوش ہوں کہ قوم تبدیل ہوچکی ہے، عمران خان نے کہا کہ بھارت میں جمہوریت اتنی بھی اچھی نہیں لیکن پاکستان سے بہت بہتر ہے، دھاندلی کا احتساب نہ ہوا تو لوٹ مار اور باریوں کا نظام چلتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 425272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش