0
Monday 15 Dec 2014 10:26

تحریک انصاف نےلاہور کی کئی شاہراہوں کو بند کر دیا

تحریک انصاف نےلاہور کی کئی شاہراہوں کو بند کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف پلان سی کے تحت فیصل آباد اور کراچی کے بعد اب لاہور میں احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ شہر کے 18 اہم مقامات پر پی ٹی آئی کارکنوں کے دھرنے جاری ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر صبح 7 بجے ہی کارکنوں نے اہم مقامات پر ٹائر نذر آتش کر کے دھرنا دینا شروع کر دیا جب کہ کارکنوں نے سڑکوں کو بلاک کر دیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے گلبرگ، مغل پورہ، جی ٹی روڈ، مال روڈ، والٹن روڈ، راوئیونڈ اور ملتان روڈ، پی ایم جی، چوک یتیم خانہ، شاہدرہ موڑ، ٹھوکر نیاز بیگ پر دھرنا دیا جا رہا ہے جس کے باعث شہر کی سڑکیں سنسان ہو گئیں، پارٹی کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری کی قیادت میں ناصر باغ پر دھرنا جاری ہے جب کہ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے میٹرو بس سروس کے ٹریک پر ٹائر جلا کر بس سروس بند کردی جب کہ قلعہ گوجر سنگھ میں کوئین میری کالج اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں آج ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا گیا، اسی طرح سرکاری دفاتر اور سرکاری اسکولوں میں حاضری معمول سے کم ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے شہر بھر میں 20 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ معطل اہلکاروں کو بھی صرف آج کے لئے بحال کردیا گیا ہے۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے 18 پوائنٹس بند کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر 26 بند کر دیے گئے ہیں تاہم 26 پوائنٹس کے علاوہ پورے لاہور میں ٹریفک رواں دواں ہے جب کہ موٹرسائیکل سواروں کو گزرنےکی جگہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال کنٹرول میں ہے، پریشانی کی ضرورت نہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ کہیں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکن گتھم گتھا نہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 425722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش