0
Sunday 21 Dec 2014 17:27

مولوی عبدالعزیز طالبان، القاعدہ اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کی وکالت کر رہے ہیں، الطاف حسین

مولوی عبدالعزیز طالبان، القاعدہ اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کی وکالت کر رہے ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مولانا عبدالعزیز نے وڈیو پیغام میں ایک بار پھر مکر و فریب اور جھوٹ سے کام لیتے ہوئے جو ناشائستہ زبان استعمال کی ہے، وہ انتہائی غیر مناسب، شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ لال مسجد اور مدرسہ حفصہ کے طلبہ و طالبات نے کلاشنکوفوں، ڈنڈوں اور دیگر ہتھیاروں سے مسلح ہو کر کئی دنوں تک پورے اسلام آباد کو یرغمال بنائے رکھا، اسلحہ کے زور پر چلڈرن لائبریری پر قبضہ کیا، گاڑی چلانے والی عورتوں پر حملہ کیا، بغیر داڑھی والوں، حجام کی دکانوں اور موسیقی کا کاروبار کرنے والوں کی دکانوں پر ڈنڈوں اور کلاشنکوفوں سے حملے کرکے توڑ پھوڑ کی اور انہیں زد وکوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز نے اپنی مسجد اور مدرسہ میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کو کلاشنکوفوں کی تربیت دے کر ان کے ذریعے پولیس اور فوج کی چوکیوں پر حملے کروائے اور کئی پولیس والوں اور فوجیوں کو شہید و زخمی کیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ یہ بات بھی ریکارڈ پر موجود ہے کہ مولانا عبدالعزیز نے لال مسجد میں اپنے خطابات میں طلبہ و طالبات کو خودکش حملوں کا درس دیا، طالبان اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کی بھرپور حمایت کی، وہ آج تک طالبان، القاعدہ اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی وکالت کر رہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ اب جبکہ طالبان اور القاعدہ کے بعد داعش نے بھی پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے تو جامعہ حفصہ کی طالبات کا عربی زبان میں ایک تازہ ترین وڈیو پیغام انٹرنیٹ پر جاری ہوا ہے، جس میں انہوں نے اسامہ بن لادن کا بدلہ لینے اور داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ قرار دیا ہے، اور پاکستان میں داعش کی خلافت قائم کرنے کی بات کی ہے۔ اس صورت حال میں وہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے پوچھتے ہیں کہ وہ اپنے بیان میں کہاں تک درست یا غلط ہیں۔
خبر کا کوڈ : 427228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش