0
Sunday 28 Dec 2014 16:47

کراچی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر

کراچی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے پرانا حاجی کیمپ کی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر کئی 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا ہے، تاہم آتشزدگی کے باعث کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرانا حاجی کیمپ کے قریب سومرو گلی میں لکڑی کے گودام میں گزشتہ رات 11 بجے کے قریب لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری ٹمبر مارکیٹ اور قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائربریگیڈ حکام نے گودام میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیکر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کئے اور پوری رات آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ دوسری جانب آگ سے متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ فائر ٹینڈر کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا، اگر فائر ٹینڈرز بروقت کارروائی کرتے تو اتنا زیادہ تقصان نہ ہوتا، گھنٹوں سے لگی آگ کے باعث کروڑوں کی لکڑی اور دیگر سامان جل کر راکھ ہو گیا، جبکہ آگ کی شدت نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

چیف فائر آفسیر احتشام الدین کا کہنا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ فائر ٹئنڈر دیر سے پہنچے تھے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر موجود تھیں اور آگ بجھانے میں مصروف تھیں، لیکن آگ اتنے بڑے پیمانے پر لگی کہ ہماری گاڑیاں نہ ہونے کے برابر محسوس ہو رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 11 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے، جس میں 2 سے 3 گھنٹے لگ جائیں گے۔ دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گودام میں لگنے والی آگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پوری ٹمبر مارکیٹ جل گئی ہے اور سندھ انتظامیہ ابھی تک سو رہی ہے۔ وزیراطلاعات شرجیل میمن نے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے، کمیٹی میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر کراچی بھی شامل ہوں گے، جو آگ کی وجوہات کے ساتھ ساتھ ہونے والے تقصان کا تخمینہ بھی لگائے گی۔
خبر کا کوڈ : 428739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش