0
Friday 2 Jan 2015 01:40

حدمتارکہ پر صورتحال دھماکہ خیز، خوفناک گولہ باری میں آر پار پانچ اہلکار جاں بحق

حدمتارکہ پر صورتحال دھماکہ خیز، خوفناک گولہ باری میں آر پار پانچ اہلکار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ نئے سال کی آمد کیساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی لائن آف کنٹرول پر تباہ کن گولہ باری کے باعث صورتحال دھماکہ خیز بن گئی ہے اور اب تک آر پار شدید ترین گولہ باری کے نتیجے میں 4 پاکستانی فوجی اور 1 ’’بی ایس ایف‘‘ اہلکار سمیت پانچ اہلکار مارے گئے جبکہ پاکستانی فوج نے آج بھارت کی 20 چوکیوں پر زبردست گولہ باری کی جس کے باعث سانبہ میں تین عام شہری زخمی ہوئے ہیں، تازہ گولہ باری کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جس کے نتیجے میں سانبہ اور اس کے گرد نواح میں بستیاں خالی ہونے لگی ہیں اور فوج کی اضافی کمک سرحدوں پر روانہ کر دی جارہی ہیں، ذرائع کے مطابق نئے سال کی آمد کیساتھ ہی جہاں آر پار فوجیوں کے درمیان مٹھائی سے شروعات کی جاتی رہی ہے آج نئے سال کی آمد کیساتھ ہی کنٹرول لائن آگ اگلنے لگی ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹوں میں سانبہ سیکٹر میں خوفناک گولہ باری کے نتیجے میں فوجی ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس دوران بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور جنگجووں کی بڑی تعداد کو اس پار دھکیلنے کی کوششیں جاری ہیں، فوجی ترجمان کے مطابق سانبہ سیکٹر میں پاکستانی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوجی چوکیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے چار رینجرس ،اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے، اس دوران طرفین کے مابین پچھلے چوبیس گھنٹوں سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں پاکستانی فوج کی جوابی کاروائی میں ایک بی ایس ایف اہلکار بھی مارا گیا ہے اس طرح سے کل ملا کر اب تک چار پاکستانی فوجی اور ایک بھارتی فوجی سمیت پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

پاکستانی فوج نے بھارتی فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ گولہ باری کی شروعات بلاجواز طریقے پر بھارتی فوج نے ہی کی ہے جس کا پاکستان نے جواب دیا اور ایک بی ایس اہلکار ہلاک ہوگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے پاکستان کے آبادی والے علاقوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے درجنوں راکٹ داغے جس کے نتیجے میں کئی مکان زمین بوس ہوگئے ہیں اور پاکستان کے چار فوجی بھی گولہ باری کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے ہیں، پاکستانی فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بلاجواز فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا جارہا ہے اور بھارت کو بھی کافی حد تک جانی نقصان پہنچایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحدوں پر کشیدگی کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن بھارتی فوج اس کام میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، پاکستانی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاجواز فائرنگ کے بعد بھارت ایسی مہم چلا رہا ہے جس سے کہ پاکستان کی بدنامی ہو لیکن بی ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے جو فائرنگ کی جاتی رہی ہے وہ مکمل طور پر سیز فائر کی خلاف ورزی ہے جس کے بارے میں پوری دنیا کو اب پتہ چل رہا ہے، چنانچہ اس دوران بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ سانبہ سیکٹر میں آج سال کے پہلے دن بھی پاکستانی فوج نے مارٹروں کی بارش کی جس کے نتیجے میں اب تک 20 بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں سانبہ سیکٹر میں گھمسان جاری ہے۔

سانبہ سیکٹر میں آج دن بھر رک رک کے پاکستانی فوج کی جانب سے فائرنگ ہوتی رہی ہے جس کے نتیجے میں آبادی والے علاقوں میں بھی کئی ایک راکٹ داغے گئے جو زور دار دھماکوں کیساتھ پھٹ گئے ہیں، اس دھماکوں کی زد میں آکر تین عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں، لائن آف کنٹرول پر جاری اس کشیدگی کو دیکھتے ہوئے صورتحال خوفناک ہو رہی ہے اور پوری طرح سے لائن آف کنٹرول پر فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے، لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو دیکھتے ہوئے آبادی والے علاقوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات کی جانب کوچ کرنا شروع کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ادھر لائن آف کنٹرول پر جاری قہر انگیز گولہ باری کے جاری رہتے ہوئے سانبہ اور دیگر مقامات پر لائن آف کنٹرول پر توپ خانے نصب کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس فوج کی اضافی کمک کو بھی ان علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے جس کے باعث جنگ جیسی صورتحال پید ہو رہی ہے، ادھر سیز فائر کی خلاف ورزی کا دائرہ وسیع ہونے کے شبہ میں ایک مرتبہ پھر اوڑی سیکٹر کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول کے دیگر علاقوں میں بھی کشیدگی پائی جارہی ہے کیونکہ بھارتی فوج کو شبہ ہے کہ چار رینجرس کی ہلاکت کا بدلہ پاکستانی فوج کسی بھی جگہ لینے کا ارادہ باندھ چکی ہوگی لہذا پوری کنٹرول پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور بی ایس ایف سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی امکانی صورتحال سے لڑنے کیلئے تیار رہے، ادھر سانبہ اور دیگر علاقوں میں زبردست خوف و ہراس پایا جارہا ہے، کنٹرول لائن پر تازہ کشیدگی کو روکنے کیلئے ڈپلومیسی تیز کر دی گئی ہے اور پاکستان اور بھارت کے ملٹری جنرلوں کے درمیان بھی میٹنگ کیلئے ماحول سازگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے فلیگ میٹنگ کیلئے بھی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں تاہم ابھی تک دونوں جانب کوئی رابط قائم نہیں ہوگیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کیلئے سفارتی محاذ پر کوششیں جاری ہیں اور ایک دو روز میں کسی بھی طرح کا بھریک تھرو مل سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 429687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش