0
Thursday 22 Jan 2015 08:02

جرمنی، اسلام مخالف تنظیم پیگڈا کے سربراہ مستعفی

جرمنی، اسلام مخالف تنظیم پیگڈا کے سربراہ مستعفی
اسلام ٹائمز۔ جرمنی میں اسلام مخالف یورپی تنظیم ’پیگیڈا‘ کے سربراہ تارکین وطن کے خلاف توہین آمیز بیان دینے اور ہٹلر سے مشابہت رکھنے والی تصاویر شائع ہونے کے بعد اپنے عہدے سے الگ ہوگئے ہیں۔ اسلام مخالف یورپی تنظیم ’پیگیڈا‘ (پیٹریاٹک یورپیئنز اگینسٹ اسلامائزیشن) کا دعویٰ ہے کہ جرمنی پر ایک لحاظ سے مسلمانوں اور دیگر تارکینِ وطن نے قبضہ کرلیا ہے۔ تنظیم کے رہنما لٹز بیچمین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک بیان میں تارکین وطن کو ’جانور اور قابل نفرت‘ کہنے پر معافی بھی مانگی ہے۔
انھوں نے ملک کے سابق آمر اڈولف ہٹلر سے ملتی جلتی تصویر شائع ہونے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے تاہم انھوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ وہ نسل پرست ہیں۔ لٹز بیچمین نے کہا ہے کہ ان کے مستعفی ہونے کے باوجود ان کی تنظیم اپنی مہم جاری رکھے گی۔
دوسری جانب مشرقی جرمنی کے شہر لیپزگ میں پیگیڈا کے حامیوں اور انکے مخالفین کے درمیان ممکنہ جھڑپوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ پیگیڈا کے حامیوں نے احتجاج کے دوران نعرے لگائے کہ ’ہم ہی لوگ ہیں‘ جبکہ انکے مخالفین نے نعرے لگائے کہ ’یہاں سے نکل جاؤ‘۔ تاہم اس دوران تشدد کے کسی واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
لٹز بیچمین کی مخالفت میں اس وقت جلوس نکالا گیا، جب انھوں نے تارکین وطن کے بارے میں توہین آمیز بیان پر معافی مانگی۔ انھوں نے جرمن اخبار بلید سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہاں میں تنظیم کے بورڈ سے الگ ہو رہا ہوں۔ جرمنی کے مشرقی شہر میں اسلام مخالف تنظیم کے حامیوں اور انکے مخالفین نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ پیگیڈا کی ترجمان کیھترین اورتٹل نے کہا کہ تارکین وطن کے بارے میں بیان حد سے بڑھ گیا تاہم انھوں نے ہٹلر سے مشابہت والی تصویر کو ’ایک مذاق‘ اور طنز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا ہر شہری کا حق ہے۔
جرمن حکومت نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور وائس چانسلر سگمار گیبرئیل نے بلید اخبار کو بتایا کہ سیاست میں کوئی بھی ہٹلر کا انداز اپناتا ہے تو وہ یا تو بے وقوف ہے اور یا نازی ہے، ذمہ دار لوگ بے وقوف لوگوں کی پیروی نہیں کرتے اور مہذب لوگ نازی کی تقلید نہیں کرتے۔ جرمن زبان میں پیگیڈا کا مطلب ہے، اسلامائزیشن کے خلاف مغرب کے محبِ وطن یورپی، اور اس نے پہلے بھی ڈریسڈن میں بڑے جلوس نکالے ہیں۔
جرمنی میں حکومت پیگیڈا کی سرگرمیوں کی مخالفت کرتی ہے اور حال ہی میں ملک کے وزیرِ انصاف و قانون ہیکو ماس نے اس تنظیم کو جرمنی کے لیے باعثِ شرمندگی قرار دیا۔ خیال رہے کہ جرمنی میں اس سال پناہ گزینوں کی تعداد میں دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ شامی پناہ گزینوں کی جرمنی آمد کو قرار دیا جاتا ہے۔
صحافی : ایس این حسینی
خبر کا کوڈ : 434247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش