0
Thursday 5 Feb 2015 23:51

اردنی فضائیہ کے حملے میں داعشی کمانڈر سمیت 55 دہشتگرد ہلاک

اردنی فضائیہ کے حملے میں داعشی کمانڈر سمیت 55 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ داعش کی جانب سے اردن کے پائیلٹ معاذ الکساسبہ کو زندہ جلائے جانے کے بعد اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پائیلٹ کا انتقام لینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ''شہید معاذ الکساسبہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہمارے پیارے بیٹے کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، اس کے بعد اردن اور اس کی فوج کا ردعمل بہت سخت ہوگا''۔ بعد ازاں اردن کی جیل میں قید داعش سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو پھانسی بھی دی گئی تھی، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔ عرب میڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق اردن کے لڑاکا طیاروں نے شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں، جن میں ایک سرکردہ کمانڈر سمیت پچپن داعشی دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جب کہ اردن کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو اپنے مشن کی تکمیل کے بعد دارالحکومت عمان اور مقتول پائیلٹ معاذ الکساسبہ کے آبائی شہر کرک کے اوپر پروازیں کی ہیں۔  عراقی میڈیا کی اطلاع کے مطابق اردن کے فضائی حملوں میں داعش کے پچپن جنگجو مارے گئے ہیں۔ ان میں ایک سینیر کمانڈر بھی شامل ہے جو صحرائی شہزادے کے نام سے معروف تھا۔ واضح رہے کہ اردن میں قبل ازیں داعش کے خلاف فضائی مہم میں شرکت کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے تھے اور بہت سے اردنیوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ ان کا ملک اس دہشتگرد گروپ کے خلاف مہم میں کیوں شریک ہے، لیکن اب پائیلٹ معاذ الکساسبہ کو داعش کے جنگجوؤں کے ہاتھوں زندہ جلائے جانے کے بعد سے یہ اختلاف کم وبیش ختم ہوگیا ہے۔ پائیلٹ کی ہلاکت کے وقت شاہ عبداللہ امریکہ کے دورے پر تھے، جہاں وہ اپنا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچے تھے اور انہوں نے فوجی سربراہوں کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ 
خبر کا کوڈ : 437765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش