0
Thursday 12 Feb 2015 20:59

آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنیوالے گروپ کی شناخت ہوگئی، میجر جنرل عاصم باجوہ

آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنیوالے گروپ کی شناخت ہوگئی، میجر جنرل عاصم باجوہ
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والے گروپ کی شناخت ہوگئی جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور بلوچستان میں بدامنی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور پر حملہ کرنے والے حملہ آوروں نے 4 راتیں جمرود میں قیام کیا اور پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں کارروائی سے قبل تہکال میں امام مسجد کے گھر رات گزاری، جبکہ افغانستان کے صوبے کنڑ میں موجود تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ نے دہشتگردوں کو کارروائی کا حکم دیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والے ایک گروپ کے سربراہ عتیق الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت یا اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں، دہشت گردوں کو سزا دینے پر ہر شہری متفق ہے، دہشتگردوں کے خلاف مقدمات چلانے کے لئے ابتدائی طور پر 9 ملٹری کورٹس بنائی گئی ہیں، فوجی عدالتوں میں ایف سی اہلکاروں کے گلے کاٹنے والوں کے مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے، ضرورت پڑنے پر فوجی عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان اپنی حدود میں ڈرون حملے کی مذمت کرتا ہے، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے تو پھر ڈرون حملوں کا کوئی جواز نہیں، اس معاملے کو فوجی، سیاسی اور سفارتی سطح پر اٹھایا گیا ہے۔

میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ انتہا پسندی بھارت میں ہے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ اس کی پاکستان میں مداخلت رہی ہے، جبکہ وہ جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کو کمزور کرنا ہے، تاہم بھارت کو سمجھایا جا رہا ہے کہ سرحدی خلاف ورزی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں بیرونی امداد کے بغیر نہیں چل سکتیں اور اس سلسلے میں دنیا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہماری مدد کرے، سانحہ پشاور سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 مرتبہ افغانستان گئے، جہاں انہوں دہشت گردوں کے حوالے سے افغان حکام سے بات چیت کی، افغان حکام اس بارے میں مکمل آگاہ ہیں، تاہم پاکستان اس ناسور کے خاتمے کے افغانستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور ہمیں امید ہے افغانستان کو دہشت گردوں کی حوالگی میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

خبر کا کوڈ : 439782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش